پاکستان کے محکمۂ موسمیات نے ملک کے میدانی علاقوں میں سموگ اور دھند کی موجودہ صورتِ حال سے متعلق ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے۔ محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں سموگ اور دھند برقرار رہنے کے ساتھ اس میں مزید شدت پیدا ہونے کا امکان ہے، جس سے روزمرہ سرگرمیوں، ٹریفک کے بہاؤ اور بصارت میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق جاری خشک موسم بالخصوص شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب کے کئی علاقوں میں حدِ نگاہ کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، جہلم، بھکر، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ملتان، اڈیوال، خانیوال اور دیگر شہر شامل ہیں، جہاں خشک موسم سموگ کے بڑھنے کا اہم سبب بن سکتا ہے۔ اس صورتحال کے باعث شہریوں کو سفر کے دوران مشکلات پیش آ رہی ہیں اور بصارت کی کمی ٹریفک حادثات کا خطرہ مزید بڑھا رہی ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے کچھ حصوں میں بھی دھند اور سموگ کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ پشاور، صوابی، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان اور آس پاس کے علاقوں میں بھی موسم کی ایسی ہی سنگین پیش گوئی کی گئی ہے۔ بالائی سندھ کے بعض شہروں میں بھی حد نگاہ کم ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جن میں سکھر اور روہڑی شامل ہیں۔ ان علاقوں میں بھی دھند اور سموگ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ادارہ صحت کی اسموگ سے متعلق ایڈوائزری جاری
شدید دھند کے باعث موٹروے پر بھی صورتحال بے حد سنگین ہو گئی ہے۔ موٹروے ایم ون پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث پشاور ٹال پلازہ سے برہان تک موٹروے کو بند کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح سوات ایکسپریس وے کو کرنل شیر خان سے کاٹلنگ تک بند کیا گیا ہے تاکہ حادثات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔ موٹروے پولیس کے مطابق یہ فیصلہ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے کیونکہ دھند کی شدت کے باعث گاڑیوں کی رفتار نہایت سست ہو چکی ہے اور سفر کرنا انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہانگ کانگ : کثیرالمنزلہ رہائشی کمپلیکس میں آتشزدگی، ہلاکتیں 44 تک پہنچ گئیں
موٹروے پولیس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متبادل راستوں کا استعمال کریں اور موٹروے پر غیر ضروری سفر سے مکمل طور پر گریز کریں۔ حکام نے بتایا ہے کہ عوام کو معلومات کی فراہمی کے لیے مسلسل اپڈیٹس جاری رہیں گی اور جیسے ہی موسم میں بہتری آئے گی، موٹروے کو فوری طور پر کھول دیا جائے گا۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، ضروری سفر محدود کرنے اور ٹریفک ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔




