ایل ای ڈی لائٹس سے بجلی کی بچت کیسے ہوتی ہے؟

لائٹ ایمیٹنگ ڈائیڈس (ایل ای ڈی) لائٹس پرانے روایتی بلبوں کے مقابلے میں کم بجلی خرچ کرتی ہیں۔ایل ای ڈی لائٹس ماضی کے بلبوں کے مقابلے میں بہت زیادہ بہتر ہوتی ہیں۔

ان سے آپ کو مختلف اسمارٹ فیچرز ملتے ہیں، بجلی کے بلوں میں بچت ہوتی ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ ایل ای ڈی بلب برسوں تک کام کرسکتے ہیں۔

مگر ایل ایل ڈی لائٹس کو استعمال کرنے سے آپ پرانے بلبوں کے مقابلے میں کتنی بچت کرسکتے ہیں؟

امریکی محکمہ توانائی کے مطابق کسی گھر کے بجلی کے استعمال کا 15 فیصد حصہ لائٹس پر مشتمل ہوتا ہے، یعنی ائیر کنڈیشنر یا دیگر برقی مصنوعات جتنا تو نہیں، مگر پھر بھی کافی سمجھا جاسکتا ہے۔

تو لائٹس کا انتخاب بجلی کے بل میں اضافے یا کمی پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسپیس ایکس کا 300 واں اسٹارلنک مشن کامیاب، 24 نئے سیٹلائٹس خلا میں روانہ

تحقیقی رپورٹس کے مطابق ایک روایتی بلب کو سال بھر استعمال کرنے پر اوسطاً 7.23 ڈالرز (2 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) بل کی شکل میں ادا کرنا پڑتے ہیں جبکہ ایل ای ڈی بلب کا اوسط سالانہ بل 1.08 ڈالرز (508 روپے) ہوتا ہے۔

یعنی ایک ایل ای ڈی بلب سے سالانہ لگ بھگ ڈیڑھ ہزار روپے کی بچت ہوتی ہے۔

اب یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ایک گھر میں صرف ایک بلب استعمال نہیں ہوتا، کم از کم 4 سے 5 بلبوں کو استعمال کیا جاتا ہے۔

تو مجموعی طور پر یہ بچت 6 سے 10 ہزار روپے ہوسکتی ہے یا یوں کہہ لیں کہ جتنے زیادہ ایل ای ڈی بلب ہوں گے، بچت اتنی زیادہ ہوگی۔

ایل ای ڈی بلبوں میں ری ایکٹیو ڈائیڈس برقی رو پر ردعمل ظاہر کرکے انہیں روشن کرتے ہیں اور وہ پرانے بلبوں جتنی حرارت پیدا نہیں کرتے، جس سے بجلی کے استعمال میں کمی آتی ہے۔

اسی طرح ایل ای ڈی لائٹس پرانے بلبوں کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ وقت تک کام کرتی ہیں جس سے بھی وقت گزرنے کے ساتھ بجلی کے بل میں نمایاں بچت ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سستی بجلی کا استعمال بڑھ گیا،بحران روکنے کیلئے محکمہ برقیات نے کروڑوں مانگ لئے

کسی زمانے میں کہا جاتا تھا کہ ٹیوب لائٹس یا انرجی سیور بلب کے استعمال سے بجلی کے بل میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

مگر اب ایل ای ڈی لائٹس نے ان دونوں کو ہر شعبے بشمول بچت میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اگر آپ کے پاس ٹیوب لائٹ یا انرجی سیور بلب موجود ہے، تو بھی آپ ان کی جگہ ایل ای ڈی کو دے کر پیسوں کی بچت کرسکتے ہیں۔

امریکا کی مشی گن یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ ٹیوب لائٹس کے مقابلے میں ایل ای ڈی لائٹس 45 فیصد زیادہ بچت کرتی ہیں جبکہ وہ زیادہ عرصے تک بھی چلتی ہیں۔

Scroll to Top