ڈکی بھائی کی ضمانت منظور، جوئے کی ایپس تشہیر کیس میں اہم پیشرفت

لاہور ہائی کورٹ نے جوئے کی ایپس کے فروغ سے متعلق مقدمے میں یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ‘ڈکی بھائی’ کی درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ان کی رہائی کا حکم جاری کیا ہے۔ عدالت کا یہ فیصلہ اس مقدمے کی اہم کارروائی تصور کیا جا رہا ہے جس میں ان پر غیرقانونی جوئے کی ایپس کی تشہیر کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

رواں برس اگست میں نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے انھیں اس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ بیرونِ ملک روانہ ہونے کے لیے امیگریشن کاؤنٹر پر پہنچے تھے۔ اس گرفتاری سے متعلق این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر چوہدری سرفراز نے اُس وقت نجی چینل سے گفتگو میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ ’ڈکی (سعد الرحمان) اپنا نام پی این آئی ایل میں موجود ہونے کے باوجود ملک چھوڑنے کی کوشش کر رہے تھے اور جب وہ امیگریشن کے لیے پہنچے تو انھیں گرفتار کیا گیا۔‘

بعد ازاں یہ بھی سامنے آیا کہ سعد الرحمان کو گرفتار کرنے والے چوہدری سرفراز بدعنوانی کے الزامات کے باعث ایجنسی کے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ملائشیا میں 16 برس سے کم عمر بچوں کےسوشل میڈیا استعمال پر پابندی

سعد الرحمان، جنھیں سوشل میڈیا پر ‘ڈکی بھائی’ کے نام سے شہرت حاصل ہے، پاکستان کے ان معروف یوٹیوبرز میں شمار ہوتے ہیں جن کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ ان کی مزاحیہ ویڈیوز اور فیملی وی لاگز انہیں نمایاں بناتے ہیں، تاہم ان کا آن لائن مواد ماضی میں بھی متنازعہ رہا ہے۔ رواں برس کے آغاز میں موٹروے پر ان کی لاپرواہ ڈرائیونگ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، تاہم لاہور ہائی کورٹ نے اس معاملے میں انھیں حفاظتی ضمانت دے دی تھی۔

موجودہ کیس میں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے پلیٹ فارمز پر غیرقانونی جوئے کی ایپس کی تشہیر کی۔ ان پر یہ بھی الزام ہے کہ وہ ان یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئینسرز میں شامل ہیں جنہوں نے مبینہ طور پر اپنی شہرت اور مالی فائدے کی غرض سے عام شہریوں کو ایسی ایپس میں سرمایہ کاری پر اُکسایا، جس کے نتیجے میں کئی لوگ اپنی جمع پونجی سے محروم ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈکی بھائی کا اعتراف جرم، قوم سے معافی مانگ لی

یہ مقدمہ پاکستان میں آن لائن جوا، خاص طور پر ایسی ایپس کی تشہیر کے بڑھتے ہوئے رجحان کے تناظر میں نمایاں اہمیت رکھتا ہے۔

Scroll to Top