این اے18ہری پور ضمنی انتخاب، 30 پولنگ سٹیشنز کے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج جاری

این اے-18 ہری پور میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ جاری ہے ۔ ابتدائی طور پر 602 پولنگ سٹیشنز میں سے 30 کے نتائج موصول ہو چکے ہیں ۔

ابتدائی غیر حتمی نتائج کے مطابق، مسلم لیگ ن کے امیدوار بابر نواز خان 7,109 ووٹ حاصل کر کے سب سے آگے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب 5,518 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں ۔

این اے-18 کے ضمنی انتخاب میں مجموعی طور پر 9 امیدوار حصہ لے رہے ہیں ۔ اہم مقابلہ مسلم لیگ ن کے بابر نواز خان، پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب اور پیپلزپارٹی کی ارم فاطمہ کے درمیان متوقع ہے ۔ علاوہ ازیں، اس حلقے میں 6 دیگر آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں ۔

این اے-18 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 753,944 ہے اور یہاں مجموعی طور پر 602 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی سرحد بندش سے افغانستان شدید معاشی بحران کا شکار

یہ نشست اس لیے خالی ہوئی تھی کیونکہ پی ٹی آئی کے سابق امیدوار عمر ایوب کو ہنگامہ آرائی کے کیس میں 9 مئی کو سزا سنائی گئی تھی، جس کے بعد وہ اس نشست کے لیے اہل نہیں رہے ۔

واضح رہے قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کی 13 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے نتائج کا سلسلہ آنا شروع ہو گیا ہے، جہاں صبح کے اولین اوقات میں متعدد حلقوں میں ووٹر ٹرن آؤٹ توقع کے مطابق نظر نہیں آیا ۔ کئی پولنگ اسٹیشنز پر سست روی کے باعث پولنگ کا آغاز کم سرگرمی کے ساتھ ہوا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حلقہ این اے 18 ہری پور میں دلچسپ مناظر دیکھنے میں آئے ، جہاں تحریک انصاف کے کیمپس ویران پڑے رہے اور کارکنان چائے کے کپ تھامے ووٹرز کا انتظار کرتے رہے ۔

کھلہ بٹ پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی کے خالی بوتھ اور کرسیاں انتخابی سرگرمی کی کمی کی واضح تصویر پیش کرتی رہیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کے برعکس ن لیگ کے اُمیدوار بابر نواز خان کے حق میں مختلف پولنگ اسٹیشنز پر واضح جوش و خروش دیکھا گیا ۔

عوامی تاثر کے مطابق بعض علاقوں میں ماحول ن لیگ کے لیے ’ریفرنڈم‘ کی شکل اختیار کرتا دکھائی دیا ہے ۔

Scroll to Top