مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل)قائمقام صدر آزاد کشمیرچوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت مادری (لوکل ) زبانوں کے فروغ و ترویج کے حوالہ سے اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔
اجلاس کے دوران آزاد کشمیر کے عبوری آئین 1974ء کے آرٹیکل 24 کے تقاضوں کے پیش نظر ریاست میں مادری(لوکل) زبانوں کے فروغ و ترویج کیلئے حکمت عملی وضح کرنے پر اتفاق ہوا۔
مادری زبا نوں کو پرائمری لیول پر نصاب کا حصہ بنائے جانے ،کلاس ششم تا ہفتم میں بھی شامل کرنے اور یونیورسٹی میں گوجری زبان کی چیئر قائم کرنے پر اتفاق ہوا۔
اجلاس میں اگلے ماہ مارچ میں آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی نے کلچرل اکیڈمی کے تعاون سے مادری زبانوں ،ابتدائی طور کشمیری اور گوجری کے فروغ کیلئے شار ٹ کورسز کروانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے سیکرٹری تعلیم کی سربراہی میں سب کمیٹی قائم کی گئی جس میں رجسڑار یونیورسٹی، چیئر مین ٹیکسٹ بُک بورڈ، ناظم اعلیٰ تحقیق و ترقی نصاب اور ناظم اعلیٰ کشمیر کلچرل اکیڈمی شامل ہونگے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کشمیر کلچرل اکیڈمی کمیٹی کے سیکرٹری ہونگے۔
کمیٹی 27فروری کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ علاوہ ازیں مادری زبانوں کے بین الاقوامی دن 21فروری کی مناسبت سے سیمینار اور واک کے اہتمام پر بھی اتفاق ہوا۔
اجلاس میں وائس چانسلر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے علاوہ سیکرٹری تعلیم سکولز، چیئر مین ٹیکسٹ بُک بورڈ ، ناظم اعلیٰ تحقیق و ترقی نصاب، ڈائریکٹر جنرل کشمیر کلچر ل اکیڈمی اور رجسٹرار آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی نے شرکت کی۔