مظفرآباد:آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیر اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے آزاد کشمیر کے سولہویں وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب مظفرآباد میں منعقد ہوئی جہاں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی علالت کے باعث اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے وزیر اعظم سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
حلف سے قبل سیکرٹری کابینہ اور چیف سیکریٹری آزاد حکومت نے وزیر اعظم کی انتخاب کا نوٹی فکیشن پڑھ کر سنایا۔ حلف برداری کی اس تقریب میں گورنر گلگت بلتستان، گورنر خیبرپختونخوا، فریال تالپور اور ارکان اسمبلی سمیت اعلیٰ سول قیادت اور عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیر اعظم کو مبارکباد دی
آزاد کشمیر کے سولہویں وزیر اعظم کا حلف اٹھانے والے فیصل ممتاز راٹھور نے خطاب کرتے ہوئے کہا، “مظفرآباد میں آصف علی زرداری، فریال تالپور، بلاول بھٹو زرداری اور چودھری ریاض کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے اس منصب کی ذمہ داری سونپی۔” انہوں نے پاک آرمی اور مقامی کمانڈ کو خراج تحسین بھی پیش کیا اور کہا کہ پاک آرمی اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر ہمارا دفاع کر رہی ہے۔
وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے عوام کے ساتھ رشتہ جوڑنے کی ذمہ داری کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا، “جن کشمیر کے عوام یہ سمجھ رہے ہیں کہ وہ اپنے نمائندوں سے دور ہو گئے ہیں، اس وقت میں پیپلز پارٹی نے عوام کے ساتھ دوبارہ رشتہ جوڑنے کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔”
یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خواتین کے لیےپروٹیکشن اقدام
انہوں نے واضح کیا کہ تحریک آزادی کشمیر میں اپنا کردار ادا کرنا اس ریاست میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعظم نے اس مقصد کے لیے سیاسی قیادت اور عوامی نمائندوں کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے بلاول بھٹو زرداری کو خطاب کی دعوت بھی دی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد 36 ووٹوں سے کامیاب ہوئی تھی جبکہ مخالفت میں دو ووٹ پڑے تھے۔




