جاپان کے شہر ہدا میں ریچھوں کو آبادی سے دور رکھنے کے لیے ایک منفرد اور جدید طریقہ اپنایا گیا ہے۔ شہر کے مقامی انتظامیہ نے بھونکنے والے ڈرونز تعینات کر دیے ہیں تاکہ ریچھوں کو شہری علاقوں سے دور رکھا جا سکے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، گزشتہ ہفتے ہدا میں ڈرونز کا استعمال شروع کیا گیا، جس کا مقصد ریچھوں کو آبادی والے علاقوں سے بھگانا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ڈرونز اسپیکر سے لیس ہیں، جن کے ذریعے شکاری کتوں کی آوازیں بجائی جاتی ہیں تاکہ ریچھوں کو خوفزدہ کر کے دور کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کا سعودی عرب کو ایف 35 لڑاکا طیارے فروخت کرنے کا اعلان
ریچھوں کو آبادی سے دور رکھنے کے لیے صرف ڈرونز پر انحصار نہیں کیا گیا بلکہ پہاڑوں کی گہرائی میں انہیں بھگانے کے لیے آتش بازی کا بھی سہارا لیا گیا۔ اس طریقہ کار کے ذریعے مقامی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ شہری علاقوں میں ریچھوں کے آنے والے خطرات کو کم کیا جائے اور انسانی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ جاپان میں اس سال اپریل سے اب تک ریچھوں کے حملوں میں مجموعی طور پر 220 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں، ریچھ مختلف باغات میں موجود پھلوں کو بھی نقصان پہنچا چکے ہیں، جس سے مقامی کسانوں اور شہریوں کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 15 فتنہ الخوارج دہشتگرد ہلاک
اس پس منظر میں ہدا کی انتظامیہ کی جانب سے ڈرونز اور آتش بازی کا استعمال ایک حفاظتی اقدام کے طور پر سامنے آیا ہے، جس کا مقصد ریچھوں کو آبادی سے دور رکھنا اور شہری علاقوں میں ممکنہ خطرات کو کم کرنا ہے۔ اس منفرد طریقہ کار کے تحت شہری علاقوں میں ریچھوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔




