کوٹلی (پی آئی ڈی): ضلع کوٹلی میں پانچ سے چودہ سال کی عمر کے بچوں میں پیٹ کے کیڑوں کے خاتمے کے لیے ڈی وارمنگ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ مہم بچوں کی صحت کو بہتر بنانے، غذائی قلت سے نمٹنے، جسمانی کمزوری کو کم کرنے اور تعلیمی کارکردگی میں کمی جیسے مسائل کے حل کے لیے ایک اہم قومی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ مہم کے تحت 3 اور 4 دسمبر 2025 کو ضلع بھر میں دو لاکھ دس ہزار (210,000) بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے بچاؤ کی دوا کھلائی جائے گی۔
ڈی وارمنگ مہم کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ریٹائرڈ) ناصر رفیق کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی (DMC) کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کوٹلی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، محکمہ اطلاعات اور متعلقہ اداروں کے افسران و نمائندگان نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: خون میں کولیسٹرول کیوں بڑھتا ہے ؟ بنیادی وجوہات سامنے آگئیں
اجلاس کے دوران ڈی آر ڈی کے کوآرڈینیٹر چوہدری شاہنواز یوسف نے مہم کی تیاریوں، انتظامی اقدامات اور فیلڈ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کوٹلی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، مدرسوں اور کمیونٹی سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو بچوں کو دوا کھلانے کے ساتھ ساتھ والدین کو صفائی، خوراک اور بچاؤ سے متعلق اہم آگاہی بھی فراہم کریں گی۔
ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی وارمنگ مہم بچوں کی صحت عامہ کے لیے نہایت اہم اور مؤثر قدم ہے۔ ان کے مطابق پیٹ کے کیڑے بچوں کی نشوونما، جسمانی قوت اور تعلیمی کارکردگی پر براہ راست منفی اثرات ڈالتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ اسکولوں، مدرسوں اور کمیونٹی مراکز میں دوا کی فراہمی، عملے کی تربیت اور والدین میں آگاہی کے عمل کو موثر اور مکمل بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ اس سہولت سے محروم نہ رہ جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہم کی کامیابی کے لیے ضلع انتظامیہ، محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے درمیان قریبی رابطہ اور مکمل ہم آہنگی نہایت ضروری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی کے ساتھ ادا کرنے کی ہدایت کی تاکہ ضلع کوٹلی میں صحت مند اور توانا نسل کی بنیاد مضبوط کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو اور آزاد کشمیر کے نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی ملاقات
اجلاس میں شریک افسران نے اپنے شعبہ جات سے متعلق تجاویز پیش کیں اور مہم کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں شریک ہونے والوں میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سردار نصراللہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سید شفقت حسین شاہ، پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فدا حسین بٹ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کامران گورسی، محکمہ تعلیم کے نمائندہ احسان احمد، ڈی ایس وی محمد اصغر، شکیل احمد خان، چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر نثار حسین، ڈپٹی منیجر محمد ادریس، ڈپٹی منیجر عادل رشید، بشارت حسین، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر شوکت علی ملک، ڈی ای او سید جمشید اور آپریشنل منیجر محمد عرفان شفیع سمیت دیگر افسران شامل تھے۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ یہ مہم بچوں کی صحت کے تحفظ اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔




