میرپور (کشمیر ڈیجیٹل )پچھلے سال 30 جون کو ختم ہونے والے مرحلہ وار سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں کی تکمیل پر بنیادی توجہ کے ساتھ شہر کی کئی سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر کا کام شروع ہو گیا ہے ۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان جاوید ملک نے بتایا کہ جاری سٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تناظر میں میرپور کے ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے گزشتہ روز چوک شہیداں سے کرکٹ اسٹیڈیم تک بننے والی میاں محمد روڈ کا اچانک معائنہ کیا ۔
اس موقع پر ڈی سی نے تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا ۔
ایس ڈی او ہائی ویز سید حسن شاہ نے سڑک کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈی سی کو بتایا کہ میاں محمد روڈ کی ایک طرف سے دوسری طرف معیاری اور پائیدار تعمیر کیلئے اسفالٹ (کارپیٹنگ میٹریل) بچھایا جا رہا ہے تاکہ شہر کی اس اہم اور مصروف ترین سڑک کا کوئی حصہ باقی نہ رہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ریونیو ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی میرپور لاوارث، ملازمین کے کروڑوں روپے ڈوب گئے
ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے محکمہ ہائی ویز کے افسران اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کے 100 فیصد معیار کو یقینی بنا یا جائے ۔
اگر اس پراجیکٹ میں کوئی غفلت یا لاپرواہی پائی گئی تو قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کارپوریشن کے عملے کو میاں محمد روڈ کے دونوں اطراف سے تجاوزات کو فوری طور پر ہٹانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔
ڈی سی نے یہ بھی کہا کہ چوک شہیداں کے اطراف سے تجاوزات کو آئندہ تین روز میں ہٹا دیا جائے ۔
سٹیٹ آفیسر بلدیہ ہمایوں رزاق نے بتایا کہ چوک شہیداں سے کرکٹ اسٹیڈیم تک سڑک کے دونوں اطراف ہر قسم کی تجاوزات کو ہٹانے کے نوٹس جاری کئے جا رہے ہیں ۔




