کولمبو: ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے سنسنی خیز میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سری لنکا کو 221 رنز سے شکست دے دی ۔
پاکستان کی فتح کا سب سے بڑا کارنامہ مہرین علی کی تاریخی بیٹنگ رہی، جنہوں نے اپنی سنچری کے بعد ڈبل سنچری بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ۔
میچ میں پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت کیلئے 332 رنز کا بڑا ہدف دیا ۔ مہرین علی نے صرف 78 گیندوں پر 230 رنز اسکور کر کے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ۔
ان کے اس ریکارڈ میں 39 چوکے شامل تھے اور انہوں نے صرف 70 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کر کے اپنی بلائنڈ کرکٹ کی تاریخ رقم کر دی ۔
مہرین علی کی بیٹنگ کے بعد پاکستان کی ٹیم نے مضبوط اسکور حاصل کیا جو بعد میں میچ کا فیصلہ کن عنصر ثابت ہوا ۔جواب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ ہدف تک نہیں پہنچ سکی اور 120 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سری لنکن بیٹر سدھیرا سمارا وکرما بھی بابراعظم کے مداح نکلے
سری لنکا کی جانب سے میرانی نے 51 اور متیشا نے 29 رنز بنائے، تاہم پاکستانی بولرز نے کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا ۔ پاکستان کی جانب سے نور فاطمہ، حوریہ ملک اور سمیرا ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
میچ کے بعد مہرین علی نے ریکارڈ بنانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہیں، ساتھ ہی پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل، والدین اور ملک کے لیے اس کارنامے کو وقف کرتی ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ریکارڈ پاکستان کے نام ہے اور وہ اسے ملک کی بلائنڈ کرکٹ کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل سمجھتی ہیں ۔
یہ جیت نہ صرف پاکستان کی خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے لیے تاریخی ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
مہرین علی کی شاندار بیٹنگ نے نہ صرف ریکارڈ قائم کیا بلکہ پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ کی پہچان کو بھی بین الاقوامی سطح پر روشن کیا ۔




