راولپنڈی : پاک ،سری لنکا ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ کے اختتام پر سری لنکن بلے باز سدھیرا سماراوکرما نے پریس کانفرنس میں بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بہت بڑے فین ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وہ 2019 میں بھی پاکستان میں کھیل چکے ہیں اور اب یہاں دوبارہ کھیل کر انہیں خوشی محسوس ہوئی ۔ انہوں نے سکیورٹی انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم کو محفوظ اور پُرسکون ماحول میں کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا ۔
سماراوکرما نے کہا کہ پہلے ہاف میں وکٹ اسپنرز کے لیے حالات سازگار تھے اور ابرار علی اور نواز احمد نے شانداربولنگ کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے بدقسمتی سے کیچز ڈراپ ہونے کو میچ میں شکست کی بڑی وجہ قرار دیا اور کہا کہ اگر وہ کیچز پکڑ لیتے تو نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل میں مظفرآباد آزادکشمیرکی ٹیم شامل کرنے کی تیاریاں
سدھیرا سماراوکرما نے اپنے تجربات کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان کے گراؤنڈز اور کرکٹ کا ماحول ہمیشہ سے ان کے لیے خوشگوار رہا ہے اور پاکستانی شائقین کی حوصلہ افزائی نے ٹیم کے جذبے کو بڑھایا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں ہر لمحہ اہم ہوتا ہے اور ٹیم کی کارکردگی میں چھوٹے مواقع بھی بڑے فرق ڈال سکتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیریز کے باقی میچز میں ٹیم بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی اور شائقین کے لیے دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے ۔ سماراوکرما نے بابر اعظم کی سنچری کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین بلے باز ہیں اور مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کھیلتے رہیں گے ۔
واضح رہے کہ کنگ بابراعظم نے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کے خلاف سنچری اسکور کی تھی ۔




