راولپنڈی : پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا اہم مقابلہ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔
شائقین کرکٹ ایک سنسنی خیز میچ کی توقع کر رہے ہیں ۔ دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل بھرپور تیاری کے لیے اسٹیڈیم میں طویل پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، جس کے دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کے مختلف پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی ۔
کوچنگ اسٹاف نے کھلاڑیوں کی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان میں بہتری لانے کے لیے عملی مشقیں کروائیں ۔
سری لنکن ٹیم جب پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچی تو شائقین کرکٹ نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ مداحوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے مہمان کھلاڑیوں کے لیے محبت اور احترام کا اظہار کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے اعزاز کا دفاع کرنیوالے محمد آصف ایونٹ سے باہر
اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے آپس میں مصافحہ کیا اور خوشگوار ماحول میں مختصر گفتگو بھی کی۔ شائقین نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو شکست دیتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کا راستہ ہموار کر دیا ہے اور پاکستان سری لنکا دوستی ہمیشہ مضبوط رہے گی ۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکن ہائی کمشنر، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری اور آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔
سری لنکن ہائی کمشنر نے کیے گئے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکام نے بہترین اقدامات کیے ہیں ۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو چھ رنز سے شکست دے کر ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی ۔
پاکستان کے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنا سکی تھی ، آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔




