حویلی کہوٹہ (کشمیر ڈیجیٹل ) ضلع حویلی فارورڈ کہوٹہ میں پولیس نے غیر ریاستی افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا عمل شروع کیا ہے۔ ڈی ایس پی حویلی کہوٹہ، ایس ایچ او سٹی تھانہ اور سی ٹی ڈی انچارج نے پولیس نفری کے ہمراہ مین سٹی کہوٹہ میں رہائش پذیر غیر ریاستی افراد کا ریکارڈ چیک کیا۔
پولیس کے مطابق چیکنگ کے دوران ایسے افراد کی نشاندہی کی گئی جنہوں نے اپنا اندراج سٹی تھانہ حویلی کہوٹہ میں نہیں کروایا۔ ایسے افراد کے خلاف ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ترجمان پولیس نے واضح کیا کہ افغانی باشندوں کی تلاش بھی جاری ہے، تاہم اب تک کسی بھی افغان شہری کو حویلی کہوٹہ سے گرفتار نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں غیر قانونی افغان شہریوں کی وطن واپسی میں غیر معمولی تیزی
اس موقع پر ہوٹلز کے کمرے، پل، اہم تنصیبات اور نان کسٹم گاڑیوں کی تفصیلی جانچ بھی کی گئی۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی مشکوک شخص یا سرگرمی کے بارے میں اطلاع ہو تو فوری طور پر کنٹرول روم یا سٹی تھانہ حویلی کہوٹہ کے فراہم کردہ فون نمبرز پر رابطہ کریں۔
ذرائع کے مطابق یہ کاروائی سخت سیکیورٹی اقدامات کے تحت کی جا رہی ہے تاکہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات شہریوں کی حفاظت اور علاقے میں قانون و نظم کی بحالی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سونا سستاہو گیا! آج کے ریٹس جانیں
یہ آپریشن ضلع حویلی کہوٹہ میں غیر ریاستی افراد کی نگرانی اور قانون کی بالادستی کو برقرار رکھنے کے لیے مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔ عوام سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے تعاون کریں تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے۔




