نیویارک: (کشمیرڈیجیٹل) نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بن گئے ہیں، جہاں ان کی متعدد ویڈیوز اور پوسٹس تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
ایک وائرل ویڈیو میں ظہران ممدانی کو اپنی انتخابی مہم کے دوران پاکستان کے سابق کرکٹ کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ کا حوالہ دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تقریر کے دوران انہوں نے کہا:”رمیز راجہ کے الفاظ میں: کامیابی کے جبڑوں سے شکست چھین لینے کی صلاحیت”۔یہ جملہ سنتے ہی مجمعے میں قہقہے اور تالیاں گونج اٹھیں۔
Many congratulations Mr Mamdani And thank you for being a commentary enthusiast !You played with a straight bat and exposed the ones who “were not playing cricket” so proud of you ! #zohranfornyc pic.twitter.com/1U6syTLCe7
— Ramiz Raja (@iramizraja) November 5, 2025
یہ حوالہ جنوبی ایشیائی کرکٹ شائقین کے لیے فوراً پہچانا جانے والا تھا، اور ممدانی نے اسے انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں حوصلہ افزائی کے طور پر استعمال کیا۔ ان کے اس دلچسپ انداز نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، جہاں صارفین نے اسے مزاح، ذہانت اور ثقافتی اپنائیت کا خوبصورت امتزاج قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ورجینیا میں سیاسی تاریخ بدل گئی، غزالہ ہاشمی لیفٹینینٹ گورنر منتخب
ظہران ممدانی اپنی عوام دوست سیاست اور ثقافتی ہم آہنگی کے باعث جانے جاتے ہیں۔ حالیہ انتخابات میں ان کی کامیابی کو امریکی سیاست میں ایک بڑی نظریاتی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس نے منگل کی شب ان کی فتح کی تصدیق کی، جس کے بعد بروکلین کے پیراماؤنٹ تھیٹر میں ان کے حامیوں نے جشن منایا۔ ممدانی کی مہم کا محور محنت کش طبقے کے مسائل، رہائشی بحران اور سماجی انصاف جیسے موضوعات رہے، جو ووٹروں کے ساتھ گہرے طور پر ہم آہنگ ہوئے۔ ان کے حامیوں نے اس کامیابی کو نیویارک کے 84 لاکھ شہریوں کے لیے “نئی سوچ کا آغاز” قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: صادق خان نے ظہران ممدانی کی کامیابی کو ’فنٹاسٹک فتح‘ قرار دیا
رمیز راجہ کا ردعمل:
پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجہ نے ظہران ممدانی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر انہیں مبارک باد دی۔ اپنے آفیشل “ایکس” اکاؤنٹ پر رمیز راجہ نے لکھا:”مبارک ہو مسٹر ممدانی، اور شکریہ کہ آپ کمنٹری کے شوقین ہیں! آپ نے سیدھے بلے سے کھیلا اور اُنہیں بے نقاب کیا جو کرکٹ نہیں کھیل رہے تھے، آپ پر فخر ہے!”




