واشنگٹن: امریکی وفاقی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابات سے متعلق جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر کے ایک اہم حصے کو کالعدم قرار دے دیا ہے، جس کے تحت ووٹنگ سے قبل شہریوں سے شہریت کا ثبوت طلب کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، امریکی ڈسٹرکٹ جج کولین کولر-کوٹیلی نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ صدر کو وفاقی سطح پر ووٹ ڈالنے کے لیے شہریت کا ثبوت لازمی قرار دینے کا اختیار نہیں ہے۔ جج نے لکھا کہ امریکی آئین انتخابات کے ضوابط طے کرنے کی ذمہ داری ریاستوں اور کانگریس کو دیتا ہے، اور اس حوالے سے صدر کا کوئی براہ راست کردار نہیں۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ صدر ٹرمپ کا یہ حکم آئینی اختیارات سے تجاوز کے مترادف ہے۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ امریکی الیکشن اسسٹنس کمیشن کو آئندہ وفاقی ووٹنگ فارم میں شہریت کے ثبوت کی شرط شامل کرنے سے مستقل طور پر روکا جاتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے 25 مارچ کو اپنے ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ووٹ دینے والوں کے لیے شہریت کے دستاویزی ثبوت کی شرط عائد کی تھی۔ ان کا موقف تھا کہ اس اقدام سے عوامی اعتماد بحال ہوگا اور صرف امریکی شہری ہی انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں گے۔ تاہم، اس فیصلے کو ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی، لیگ آف یونائیٹڈ لاطینی امریکن سٹیزنز، لیگ آف ویمن ووٹرز ایجوکیشن فنڈ اور دیگر سول رائٹس گروپس نے عدالت میں چیلنج کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: چین کا شین ژو 21 مشن کامیابی سے خلا روانہ، سب سے کم عمر خلاباز بھی شامل
عدالت کے فیصلے کے بعد شہری حقوق کی تنظیم اے سی ایل یو کی نمائندہ صوفیہ لن لیکن نے کہا، “یہ ہماری جمہوریت کی بڑی فتح ہے۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے وفاقی ووٹنگ فارم پر شہریت کے ثبوت کی شرط عائد کرنے کی کوشش آئین سے متصادم اور اختیارات کی خلاف ورزی تھی۔”
یہ بھی پڑھیں: طورخم بارڈر 20 روز بعد کھل گیا، افغان شہریوں کی واپسی آج سے شروع
امریکی ایوانِ نمائندگان نے گزشتہ سال شہریتی ثبوت کی لازمی شرط کا بل منظور کیا تھا، لیکن یہ سینیٹ میں التوا کا شکار ہے۔ مختلف ریاستوں میں ایسے قوانین نافذ کرنے کی کوششیں بھی پیچیدگیوں کا باعث بنی ہیں۔ کچھ ریاستوں میں ان قوانین کے نفاذ سے ہزاروں اہل ووٹرز رجسٹریشن سے محروم ہوئے، جب کہ ماہرین کے مطابق غیر شہریوں کی ووٹنگ کے واقعات نایاب ہیں۔
فی الحال صدر ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر کے دیگر حصوں پر بھی عدالتی کارروائیاں جاری ہیں، جن میں یہ شق شامل ہے کہ تمام ووٹ بذریعہ ڈاک صرف الیکشن ڈے تک موصول ہونے چاہئیں۔




