خیبرپختونخوا کابینہ کے 10 ممبران نے عہدوں کا حلف اٹھا لیا

پشاور(کشمیر ڈیجیٹل) خیبرپختونخوا کابینہ کے 10 ارکان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نےصوبائی کابینہ سے عہدے کا حلف لیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی ، سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی بھی تقریب حلف برداری میں شریک تھے۔

حلف لینے والوں میں مینا خان آفریدی،ارشد ایوب خان، امجد علی، آفتاب عالم آفریدی، فضل شکور خان، خلیق الرحمان، ریاض خان، سید فخر جہان، عاقب اللہ خان اور فیصل خان شامل تھے۔

حلف لینے کے بعد گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی وزرا کو مبارکباد دی، نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تقریب میں چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید، انتظامی محکموں کے سربراہان سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے 13 رکنی کابینہ کی تشکیل دی تھی، جس میں 10 صوبائی وزراء، دو مشیر اور ایک معاون خصوصی شامل ہیں۔

کابینہ میں مشیر کے طور پر مزمل اسلم اور تاج محمد اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ شفیع جان وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔

بعدازاں، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے استعفے کا معاملہ اس وقت نیا رخ اختیار کر گیا تھا، جب گورنر فیصل کریم کنڈی نے دستخطوں میں فرق ہونے کی وجہ سے علی امین گنڈا پور کے دو استعفے واپس کر دیے تھے اور انہیں 15 اکتوبر (بدھ) کو گورنر ہاؤس میں طلب کیا تھا تاکہ معاملہ حل کیا جا سکے۔

12 اکتوبر کی رات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا تھا کہ ’وزیراعلیٰ کا استعفیٰ اعتراض کے ساتھ واپس کر دیا گیا‘۔

انہوں نے ایک خط بھی جاری کیا تھا، جو علی امین گنڈاپور کے نام تھا، اس میں بتایا گیا تھا کہ گورنر ہاؤس کو 8 اور 11 اکتوبر کو دو استعفے موصول ہوئے، لیکن دونوں پر دستخط ایک جیسے نہیں تھے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:صدرٹرمپ نے پاک بھارت جنگ رکوا کر لاکھوں جانیں بچائیں، شہباز شریف

Scroll to Top