سونا

سونا مزید سستا! جانیں نئی قیمتیں کیا ہیں؟

(کشمیر ڈیجیٹل) ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے، جس سے زیورات کے خریداروں اور سرمایہ کاروں دونوں کو نمایاں ریلیف حاصل ہو رہا ہے۔ سونے کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتوں کو بریک لگنے کے بعد اب لگاتار کئی دنوں سے کمی دیکھی جا رہی ہے، جس نے مارکیٹ میں استحکام پیدا کر دیا ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، فی تولہ سونے کی قیمت میں آج مزید 2000 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد سونا 4 لاکھ 31 ہزار 862 روپے فی تولہ پر آگیا ہے۔ گزشتہ چند روز سے مارکیٹ میں ہونے والی یہ مسلسل دوسری بڑی کمی ہے جس نے صارفین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونا بھی آج 1714 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 70 ہزار 252 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ جیولرز کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمت میں کمی کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر ہونے والی گراوٹ اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کا بھاؤ بھی 20 ڈالر کمی کے بعد 4095 ڈالر فی اونس تک آگیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی منڈی میں سرمایہ کاروں کے محتاط رویے، تیل کی قیمتوں میں کمی اور امریکی معاشی پالیسیوں کے اثرات نے بھی سونے کی قیمتوں کو نیچے کی طرف دھکیل دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فی تولہ سونا 3500 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 33 ہزار 826 روپے کا ہوگیا تھا۔ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمت مزید کم ہونے کا امکان ہے۔

Scroll to Top