برسلز:کشمیر بلیک ڈے “ایک بھلا دیا گیا المیہ” کے عنوان سے پاکستانی سفارتخا نہ برسلز میں ہفتہ کی تصویری نمائش کا آغاز ہوگیا ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی ( اے پی پی ) کے مطابق جمعہ کو نمائش کا افتتاح یورپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے کیا جس میں مختلف سفارتی، صحافتی اور کمیونٹی شخصیات نے شرکت کی۔
نمائش کا مقصد کشمیر بلیک ڈے کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد کو اجاگر کرنا تھا جویلجئیم میں پاکستانی سفارتخا نہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نمائش میں پیش کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام تصویری نمائش کا انعقاد
تصاویر اور دستاویزی شواہد اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کی رپورٹس پر مبنی ہیں جو بھارتی قبضے کے دوران کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم، بنیادی انسانی آزادیوں کی پامالی اور جبر کے تسلسل کو نمایاں کرتی ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رحیم حیات قریشی نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 وہ دن ہے جب بھارت نے زبردستی جموں و کشمیر پر قبضہ کیا، جو ایک المناک باب کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر و تشدد کا یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے، جس سے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور انسانی وقار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور بھارت کو اس کے جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے۔
نمائش ایک ہفتے تک پاکستانی سفارتخانہ برسلز میں عوام کیلئے کھلی رہے گی۔





