حکومت کا مہنگائی کا طوفان کنٹرول کرنے کیلئے جامع پلان تیار کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر وفاقی حکومت نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل اہم اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کرلیا

تفصیلات کےمطابق وفاقی حکومت نے متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو مہنگائی پر قابو پانے کیلئے سفارشات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے رمضان المبارک کیلئے جامع قیمت استحکام پلان تیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں میں بتایا گیا کہ حکومت نے رمضان المبارک کیلئے جامع قیمت استحکام پلان تیار کرنے کا فیصلہ کیا

ای سی سی نے تمام متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سفارشات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

ای سی سی نے پری شپمنٹ انسپیکشن فریم ورک میں اصلاحات کی منظوری دی ہے البتہ ای سی سی نے گاڑیوں کی درآمدی اسکیموں کے طریقہ کار پر مزید مشاورت کی ہدایت کر دی ہے

ای سی سی کی جانب سے قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد و برآمد کا موجودہ فریم ورک برقرار رکھا گیا ہے۔

اجلاس میں ملک میں مہنگائی کے رجحانات اور قیمتوں کی نقل و حرکت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، وزیر خزانہ نے عوام کی خریداری قوت کے تحفظ اور مجموعی طور پر قیمتوں میں استحکام کے لیے مربوط اقدامات اور مسلسل نگرانی کی اہمیت پر زور دیا۔

چیف اکانومسٹ ڈاکٹر امتیاز احمد نے بتایا کہ حالیہ سیلاب سے قبل افراط زر معتدل سطح پر تھا تاہم زرعی زمینوں اور مویشیوں کو نقصان پہنچنے کے باعث ستمبر 2025میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 5.6 فیصد تک جا پہنچی ہے جس سے غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ حساس قیمت اشاریہ (ایس پی آئی) میں بھی اکتوبر کے دوران مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر امتیاز نے بتایا کہ اگرچہ چند بنیادی اشیاء مثلاً چکن، چاول اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، تاہم چینی، گائے کا گوشت، خوردنی تیل اور گھی سمیت کئی ضروری اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی (این پی ایم سی) نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی ہیں، جن میں عالمی قیمتوں کے اثرات کا تجزیہ، وفاقی و صوبائی سطح پر بہتر ہم آہنگی، اور سیلاب زدہ اضلاع کے کاشت کاروں کے لیے ہدفی زرعی قرضوں کی فراہمی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل اور گھی کے شعبے میں ممکنہ گٹھ جوڑ (کارٹلائزیشن) کے حوالے سے مسابقتی کمیشن آف پاکستان کو بھی تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈاکٹر امتیاز نے مزید بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے جامع منصوبہ بندی جاری ہے اور صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مارکیٹ مانیٹرنگ اور قیمتوں کی نگرانی کے لیے وفاقی ادارہ شماریات کے ڈیسیڑن سپورٹ سسٹم سے استفادہ کریں۔

وفاقی وزیرِ خزانہ نے تجزیاتی رپورٹ کو سراہتے ہوئے تمام متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سفارشات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں ای سی سی نے معمول کے ایجنڈے پر غور کرتے ہوئے وزارت تجارت کی جانب سے پری شپمنٹ انسپیکشن (پی ایس آئی) فریم ورک میں بہتری سے متعلق تجاویز کی منظوری دی، جس کے تحت رجسٹرڈ اور تسلیم شدہ انسپیکشن ایجنسیاں پالیسی کے مطابق معائنے کرسکیں گی۔

اسی طرح گاڑیوں کی درآمد سے متعلق پرسنل بیگج، رہائش کی منتقلی اور گفٹ اسکیموں کے طریقہ کار میں مجوزہ ترامیم پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مزید مشاورت کے بعد وزارت تجارت کو ہدایت کی کہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے دوبارہ مشاورت کے بعد تجاویز دوبارہ پیش کی جائیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی تک ہماری خوشیاں ادھوری ہیں،مریم ادریس

Scroll to Top