سماہنی/مظفرآباد: سیکرٹری محکمہ جنگلات آزاد کشمیر نے جنگلاتی رقبہ سے چیڑھ کے درختوں کا غیر قانونی کٹاؤ و سمگلنگ، رقبہ جات پر قبضے، آفیسران بالا کی حکم عدولی و جعلسازی کی بنا پر نوٹس لیتے ہوئے رینج آفیسر کامران خالق کو ملازمت سے معطل کر دیا۔
آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے محکمہ جنگلات نے جنگلات کے تحفظ کے سلسلے میں ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے رینج آفیسر جنگلات، کامران خالق (تبادلہ انچارج / اضافی چارج)، رینج پائل، مظفرآباد کو فوری طور پر ملازمت سے معطل کر دیا ہے۔ سیکرٹری محکمۂ جنگلات (اضافی چارج) کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق، یہ کارروائی محکمہ کے اہم اصولوں کی خلاف ورزی، جنگلات کے رقبے کو نقصان پہنچانے اور فرائض میں غفلت کے سنگین الزامات پر کی گئی ہے۔
نوٹس کے مطابق، سیکرٹری محکمۂ جنگلات (اضافی چارج)، آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر، مظفرآباد نے اپنے حکم نمبر 2025/ مورخہ 17 اکتوبر 2025 کے ذریعے رینج آفیسر کامران خالق کی معطلی کا حکم صادر کیا۔ نوٹس میں رینج آفیسر پر “غیر قانونی کٹاؤ و سمگلنگ”، “رقبہ جات پر قبضے”، “غیر قانونی لکڑی کی ترسیل” اور “آفیسرانِ بالا کی حکم عدولی و جعلسازی” کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ یہ الزامات خاص طور پر چیڑھ کے درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور سمگلنگ سے متعلق ہیں۔
نوٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ رینج آفیسر کامران خالق پر اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران آفیسران بالا کی حکم عدولی اور ریکارڈ میں مبینہ جعلسازی کے واقعات سامنے آئے۔ اس بنا پر انہیں فوری طور پر ملازمت سے معطل کر دیا گیا ہے۔
معطلی کا حکم سیکرٹری محکمۂ جنگلات (اضافی چارج) محمد الیاس خان کے دستخطوں سے مورخہ 17 اکتوبر 2025 کو جاری ہوا۔ اس کی نقول چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ڈائریکٹر جنگلات (پراجیکٹ) اور دیگر متعلقہ افسران کو اطلاع اور عمل درآمد کے لیے ارسال کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں آئندہ دس دنوں کے دوران موسم میں تبدیلی کا امکان
محکمہ جنگلات کے مطابق، معطلی کا مقصد محکمانہ کارروائی مکمل ہونے تک افسر کو عارضی طور پر خدمات سے روکنا ہے۔ آئندہ تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں مزید اقدامات کیے جائیں گے۔




