ڈرائیونگ لائسنس بنوانے اور ری نیو کروانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے اور ری نیو کروانے والوں کی بڑی مشکل آسان ہوگئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے پہلے موبائل پولیس اسٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ نے منصوبے کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسٹاف سے ملاقات بھی کی۔

موبائل پولیس اسٹیشن میں شہریوں کے لیے ایف آئی آر کے اندراج، ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء اور تجدید سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس جدید یونٹ میں لرنر، ریگولر، انٹرنیشنل اور ویمن لائسنسنگ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ کی چابیاں متعلقہ افسران کے حوالے کیں اور اسٹاف کو عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور ہمدردانہ رویہ اپنانے کی ہدایت دی۔

وزیراعلیٰ نے منصوبے کی ورکنگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی اور کہا کہ یہ اقدام عوام کو ان کی دہلیز پر پولیس اور لائسنسنگ خدمات فراہم کرنے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ موبائل پولیس اسٹیشنز گرلز ایجوکیشن سینٹرز، ورکنگ ویمن اور دور دراز علاقوں میں بھی خدمات فراہم کریں گے، جس سے عوام کو سہولت اور وقت کی بچت ہوگی۔

Scroll to Top