(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سابق کپتان مصباح الحق کو ایک اہم عہدہ دینے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے چند روز قبل ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز انٹرنیشنل کے عہدے کے لیے اشتہار جاری کیا تھا اور اب امکان ہے کہ مصباح الحق کو اس اہم ذمہ داری کے لیے منتخب کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ اشتہار میں پہلی بار اہلیت کے معیار میں یہ واضح شرط رکھی گئی ہے کہ امیدوار سابق ٹیسٹ کرکٹر یا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹر ہونا لازمی ہوگا۔ یہ شرط ماضی میں جاری کیے گئے اشتہارات کا حصہ نہیں تھی۔ ماہرین کے مطابق پی سی بی نے یہ شرط خاص طور پر اس لیے شامل کی ہے تاکہ اس عہدے پر ایسے فرد کو تعینات کیا جا سکے جو خود کرکٹ کے عملی تجربے کا حامل ہو اور بین الاقوامی سطح پر کھیل کی باریکیوں کو بخوبی سمجھتا ہو۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے اس سے قبل ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والے تنازعے سے درست طور پر نمٹنے میں ناکامی پر ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز انٹرنیشنل عثمان واہلہ کو معطل کر دیا تھا، تاہم کچھ عرصے بعد انہیں بحال بھی کر دیا گیا تھا۔ تاہم، اب ایک بار پھر اس عہدے کے حوالے سے اندرونی سطح پر تبدیلیوں کی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے اندر اس وقت اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کرکٹ کے آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کسی ایسے تجربہ کار اور بااعتماد فرد کی خدمات حاصل کی جائیں جسے کرکٹ کی تکنیکی، انتظامی اور بین الاقوامی تقاضوں کا بخوبی علم ہو۔ مصباح الحق کی بطور کھلاڑی اور بطور کوچ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں اس عہدے کے لیے موزوں ترین امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دبئی سول کورٹ کا بڑا فیصلہ ، غلط علاج پر خاتون کو 15 لاکھ درہم ہرجانہ دینے کا حکم
مصباح الحق نے بطور کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم کو کئی اہم فتوحات سے ہمکنار کیا۔ وہ نظم و ضبط، تحمل اور پروفیشنل ازم کے لیے جانے جاتے ہیں، یہی خصوصیات انہیں ایک مضبوط امیدوار بناتی ہیں۔ اگر پی سی بی کی جانب سے ان کی تقرری عمل میں آتی ہے تو یہ قومی کرکٹ کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دی جائے گی۔




