دبئی سول کورٹ کا بڑا فیصلہ ، غلط علاج پر خاتون کو 15 لاکھ درہم ہرجانہ دینے کا حکم

(کشمیر ڈیجیٹل) دبئی سول کورٹ نے ایک طبی غلطی ثابت ہونے پر ہسپتال کو ایک مریضہ کو 15 لاکھ درہم بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق غلط تشخیص اور غیر مناسب دوا دینے کے نتیجے میں خاتون بھربھری ہڈیوں کے مرض میں مبتلا ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق امارات الیوم نے بتایا کہ دبئی میں مقیم ایک خاتون نے عدالت میں ایک نجی ہسپتال کے خلاف مقدمہ دائر کیا۔ مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ڈاکٹر کی غلط تشخیص اور زیادہ مقدار میں کورٹیزون دینے سے اس کی قوتِ مدافعت ختم ہو گئی، ہڈیوں میں کمزوری پیدا ہوئی اور کولہے کے جوڑ میں تناؤ کے بعد فریکچر ہو گیا۔

خاتون نے عدالت سے استدعا کی کہ اسے جسمانی نقصان اور ذہنی کوفت پہنچنے پر 30 لاکھ درہم ہرجانہ اور سالانہ 5 فیصد منافع کی ادائیگی کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک طبی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا تاکہ اس کی رپورٹ کی روشنی میں حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔

تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں واضح طور پر بتایا کہ ڈاکٹر 100 فیصد غلطی کے مرتکب پائے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈاکٹر نے نہ صرف غلط تشخیص کی بلکہ کنسلٹنٹ کے مشورے کو نظرانداز کرتے ہوئے کورٹیزون کی مقدار بڑھائی اور مریضہ کو طویل عرصے تک اس کے استعمال کی ہدایت دی، جس کے نتیجے میں خاتون کو ہڈیوں کے بھربھرے پن (Osteoporosis) کا مرض لاحق ہو گیا۔

عدالت نے کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ہسپتال کو 15 لاکھ درہم بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم جاری کیا، جبکہ ساتھ ہی 5 فیصد سالانہ منافع کی ادائیگی بھی لازم قرار دی۔

فیصلے میں عدالت نے کہا کہ مریضہ کو پہنچنے والے جسمانی اور ذہنی نقصان کی تلافی کے لیے مالی معاوضہ انصاف کے تقاضوں کے مطابق ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق، طبی عملے کی لاپرواہی اور غلط علاج نے مریضہ کی صحت کو مستقل نقصان پہنچایا جس پر ہسپتال ذمہ دار ہے۔

یہ فیصلہ امارات میں صحت کے شعبے میں مریضوں کے حقوق کے تحفظ کی ایک اہم مثال کے طور پر سامنے آیا ہے۔ دبئی سول کورٹ کا مؤقف تھا کہ طبی غفلت کے معاملات میں درست تشخیص، دوا کی مقدار اور علاج کا دورانیہ انتہائی حساس نوعیت کا حامل ہوتا ہے، اس لیے ڈاکٹرز پر لازم ہے کہ وہ کسی بھی کنسلٹنٹ کی رائے کو نظرانداز نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: موسمِ سرما میں نزلہ، کھانسی اور خشک جلد ، گھریلو علاج سے آرام ممکن

طبی ماہرین کے مطابق کورٹیزون کا طویل استعمال ہڈیوں کی ساخت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے، اسی لیے اس کے استعمال میں احتیاط اور درست مقدار کا تعین ضروری ہے۔ عدالت کا یہ فیصلہ مستقبل میں طبی اداروں کے لیے واضح پیغام سمجھا جا رہا ہے کہ کسی بھی غلط تشخیص یا غیر ذمہ دارانہ علاج کی صورت میں سخت قانونی کارروائی سے گریز ممکن نہیں۔

Scroll to Top