ضلع حویلی کے گاؤں کلساں زیریں میں ایک بار پھر تیندوا دیکھا گیا، عوام خوفزدہ

(کشمیر ڈیجیٹل) ضلع حویلی فارورڈ کہوٹہ کے نواحی گاؤں کلساں زیریں میں ایک بار پھر تیندوا دیکھے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات اور آج صبح مختلف مقامات پر تیندوا کو گھومتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔ کئی دیہاتیوں نے بتایا کہ تیندوا آبادی کے قریب آتا رہا اور رات کے وقت اس کی گرج دار آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تیندوا نے حالیہ دنوں میں کئی پالتو جانوروں پر حملے کیے ہیں، جن میں بکریاں، بچھڑے اور دیگر چھوٹے جانور شامل ہیں۔ اس صورتحال سے دیہی آبادی کو مالی نقصان کا سامنا ہے جبکہ لوگوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ وہ شام کے بعد گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کر رہے ہیں اور خاص طور پر خواتین و بچوں کو اکیلے باہر جانے کی اجازت نہیں دیتے کیونکہ خطرہ کسی بھی وقت بڑھ سکتا ہے۔

والدین کے مطابق بچوں کو اسکول بھیجنے میں بھی خوف کا عنصر بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیندوا کی موجودگی کے باعث بچے اکثر گھروں میں ہی رہنے پر مجبور ہیں اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔

علاقہ مکینوں نے محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر وائلڈ لائف ٹیم کو علاقے میں تعینات کیا جائے تاکہ تیندوا کو قابو کیا جا سکے اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: خواجہ طارق سعید نے حویلی کہوٹہ سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا

اہلِ علاقہ نے بتایا کہ ماضی میں بھی کلساں زیریں اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں تیندوا دیکھا گیا تھا، لیکن اس بار اس کی نقل و حرکت زیادہ دیکھی جا رہی ہے، جس سے خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔ مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ جب تک انتظامیہ مؤثر اقدامات نہیں کرتی، عوامی خوف اور بےچینی میں اضافہ ہوتا جائے گا۔

Scroll to Top