(کشمیر ڈیجیٹل) فوربز میگزین نے 2025 کے لیے دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے فٹبالرز کی فہرست جاری کردی ہے، جس میں پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو ایک مرتبہ پھر سب پر بازی لے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی کلب النصر کے کپتان رونالڈو کی سالانہ آمدنی 28 کروڑ امریکی ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جو کھیلوں کی دنیا میں ایک نیا ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔ فوربز کا کہنا ہے کہ رونالڈو کی آمدنی میں کلب تنخواہ، برانڈ اسپانسرشپ اور کاروباری سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والی رقوم شامل ہیں، جو انہیں دنیا کا سب سے زیادہ کمائی کرنے والا فٹبالر بناتی ہیں۔
دوسرے نمبر پر ارجنٹینا کے سپر اسٹار لیونل میسی ہیں، جو امریکی کلب انٹر میامی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ میسی کی مجموعی آمدنی تقریباً 13 کروڑ ڈالر سالانہ بتائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق میسی کی کمائی میں ان کی تنخواہ کے علاوہ اشتہارات اور مختلف تجارتی منصوبوں سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی شامل ہے۔
تیسرا نمبر سعودی کلب الاتحاد کے فرانسیسی اسٹار کریم بینزیما کے حصے میں آیا ہے، جن کی سالانہ آمدنی 10 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ ان کے بعد ایک اور فرانسیسی کھلاڑی کیلیان ایمباپے ہیں، جو تقریباً 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سالانہ کماتے ہیں۔
اس فہرست میں لیورپول کے مشہور مصری فٹبالر محمد صلاح بھی شامل ہیں، جن کی آمدنی 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سالانہ بتائی گئی ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ اسپین کے کم عمر اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی لامائن یامال نے پہلی بار فوربز کی فہرست میں جگہ بنائی ہے۔ صرف 17 سال کی عمر میں یامال کی سالانہ آمدنی 4 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جو ان کے کیریئر میں ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے جنوبی افریقہ وائٹ بال سیریز کے لیے فلیٹ پچز نہ بنانے کا فیصلہ کر لیا
فوربز کے مطابق اس سال کی فہرست اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ سعودی کلبوں کا مالی اثر و رسوخ فٹبال کی عالمی دنیا میں نمایاں طور پر بڑھ رہا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ اب ایک بڑی عالمی فٹبال مارکیٹ کے طور پر سامنے آ رہا ہے، جس نے اعلیٰ درجے کے کھلاڑیوں کو اپنی جانب راغب کیا ہے۔




