سٹی پولیس

ہٹیاں بالا سٹی پولیس ان ایکشن ، 2سماج دشمن عناصر دھر لیے ، مقدمہ درج

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل ) ہٹیاں بالا کی پولیس نے منشیات فروشوں اور غیر قانونی شراب کے ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کو تیز کر دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی ہٹیاں بالا کی جانب سے جاری مہم کا مقصد علاقے سے منشیات کی فروخت اور غیر قانونی الکوحل کی سپلائی کا مکمل طور پر خاتمہ کرنا ہے۔

ایس پی جہلم ویلی سید عباس علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ سٹی ہٹیاں بالا منظر چغتائی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر متعدد کامیاب کارروائیاں کیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق پہلی کارروائی میں ایس ایچ او منظر چغتائی نے اے ایس آئی ظفر اعوان، ڈی ایف سی امجد سعید، راجہ شمشاد، خواجہ احسن اور سید احسن نقوی کے ہمراہ راجہ فیاض عرف پپیاں کو سراں کے علاقے سے گرفتار کیا۔

اس کے قبضے سے پولیس نے چرس گردا برآمد کی ، جس کے بعد ملزم  کے خلاف (9b) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ یہ کارروائی مقامی سطح پر منشیات فروشوں کے خلاف واضح پیغام کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہٹیاں بالا میں منشیات فروش رنگے ہاتھوں گرفتار : بڑی مقدار میں چرس برآمد

دوسری کارروائی میں پولیس نے گڑھی دوپٹہ لواسی سے غلام مصطفیٰ عباسی کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے ایک بڑی بوتل شراب برآمد کی۔ اس پر بھی مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان سے مزید اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے، جو ممکنہ طور پر علاقے میں دیگر منشیات فروشوں اور غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق ہو سکتی ہیں۔

ایس پی جہلم ویلی سید عباس علی شاہ نے ایس ایچ او منظر چغتائی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا۔

انہوں نے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی تاکہ پولیس کی کارروائیوں کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا سکے اور جہلم ویلی میں امن و امان کو بہتر بنایا جا سکے۔

Scroll to Top