آصف زرداری

خوراک تک مساوی، محفوظ اور سستی رسائی ہر انسان کا بنیادی حق ہے : صدر آصف زرداری

اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خوراک تک مساوی، محفوظ اور سستی رسائی ہر انسان کا بنیادی حق ہے، اور غذائی تحفظ صرف حکومت نہیں بلکہ معاشرے کے ہر طبقے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بات یومِ خوراک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی ۔

صدر زرداری نے کہا کہ دنیا 1979 سے ہر سال 16 اکتوبر کو یومِ خوراک مناتی ہے ۔ اس سال کا موضوع بہتر خوراک اور بہتر مستقبل کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ رکھا گیا ہے، جو اس بات کی یاد دہانی ہے کہ پائیدار غذائی نظام کے قیام کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت ملکی معیشت کی بنیاد ہے اور یہ کروڑوں افراد کی روزی روٹی کا ذریعہ بن رہی ہے ۔ تاہم موسمیاتی تبدیلی، سیلاب اور مہنگائی نے خوراک کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا باعث بن کر عوام کے لیے مشکلات پیدا کی ہیں ۔

کئی خاندان آج بھی صحت مند اور متوازن غذا کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ بچوں میں غذائی کمی ایک سنگین اور تشویشناک مسئلہ بن چکی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:صدر زرداری کی افغان قیادت پر شدید تنقید، کشمیر کے مؤقف کو اُمت سے ناانصافی قرار دیا

حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے جن کے تحت موسمیاتی لحاظ سے موزوں کاشت کاری، بہتر آبی و زمینی نظم و نسق، اور خوراک کی فراہمی کا نظام مؤثر بنایا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کے ریلیف کے لیے کام جاری ہے، جبکہ خوراک کے ضیاع کی روک تھام ، زرعی پیداوار میں اضافہ، اور کمزور طبقات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ملک میں کوئی بچہ بھوکا نہ سوئے اور ہر گھر تک خوراک پہنچے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اجتماعی کوششوں سے پاکستان کو محفوظ، خود کفیل اور غذائی طور پر مستحکم ملک بنایا جا سکتا ہے ۔

Scroll to Top