ون ڈے رینکنگ: افغان ٹیم کے راشد خان دنیا کے نمبر ون بولر قرارپائے

(کشمیر ڈیجیٹل) افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ (او ڈی آئی) کی تازہ رینکنگ میں دنیا کے نمبر ون بولر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

کرکٹ انفو کے مطابق، راشد خان نے بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد عالمی درجہ بندی میں یہ مقام حاصل کیا۔ ابوظہبی میں کھیلی گئی تین میچوں کی اس سیریز میں افغانستان نے بنگلہ دیش کو 3-0 سے کلین سوئپ کیا۔

راشد خان نے اس سیریز کے دوران شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 6.09 کی اوسط اور 2.73 کی اکانومی ریٹ کے ساتھ 11 وکٹیں اپنے نام کیں۔ ان کی یہ کارکردگی ایک بار پھر اس بات کی عکاس ہے کہ وہ دنیا کے خطرناک ترین اسپنرز میں سے ایک ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب راشد خان رینکنگ میں سرفہرست آئے ہیں، وہ نومبر 2024 میں بھی عالمی بولرز کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر رہ چکے ہیں۔ اس مرتبہ وہ چھٹے نمبر سے ترقی کرتے ہوئے 710 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوبارہ نمبر ون بن گئے ہیں۔ ان کے قریب ترین حریف جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج ہیں جو 30 پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں افغانستان کے بیٹر ابراہیم زدران نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی اور اپنی بیٹنگ کے جوہر منواتے ہوئے تین اننگز میں 213 رنز بنائے۔ ان شاندار اننگز کے باعث انہیں ’مین آف دی سیریز‘ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ رینکنگ میں ابراہیم زدران آٹھ درجے ترقی کرکے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جو کسی بھی افغان بلے باز کی اب تک کی بہترین پوزیشن ہے۔

دوسری جانب، بھارت کے اسپنر کلدیپ یادو نے ٹیسٹ بولرز کی عالمی رینکنگ میں اپنے کیریئر کی بہترین 14ویں پوزیشن حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انہوں نے 19.50 کی اوسط سے 12 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیں: 750 روپے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی، جیتنے والے خوش نصیبوں کا اعلان کر دیا گیا

بھارتی اوپنر یشسوی جیسوال بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں 175 رنز بنانے کے بعد بیٹرز کی درجہ بندی میں دو درجے ترقی کرکے ساتویں سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

Scroll to Top