لاہور : مذہبی جماعت اور پولیس کے درمیان تصادم, نوجوان ایس ایچ او مرید کے شہید – پنجاب پولیس

(کشمیر ڈیجیٹل) لاہور کے علاقے مریدکے میں مذہبی جماعت کے لانگ مارچ کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں فیکٹری ایریا کے نوجوان ایس ایچ او شہزاد جاں بحق ہوگئے۔ پنجاب پولیس کے مطابق جھڑپوں میں 17 پولیس اہلکار اور رینجرز کے 4 جوان زخمی ہوئے۔

مریدکے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق، جھڑپوں میں مذہبی جماعت کے کم از کم 6 کارکن جاں بحق جبکہ 35 سے 49 کے درمیان زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ شدید زخمیوں کو لاہور منتقل کر دیا گیا۔

پنجاب پولیس کے مطابق، پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں کئی گھنٹوں سے بند جی ٹی روڈ کو کلیئر کرا کے ٹریفک بحال کر دی گئی۔ فورسز کی بھاری نفری اب بھی علاقے میں موجود ہے اور انتظامیہ کے مطابق صورتِ حال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔

ذرائع کے مطابق، تصادم کا آغاز اس وقت ہوا جب مذہبی جماعت کے کارکنان نے حکومت سے اپنے مطالبات کے حق میں مارچ شروع کیا اور مریدکے کے مقام پر پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ دونوں جانب سے پتھراؤ اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا، جس کے باعث حالات کشیدہ ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: شکاگو میراتھون 2025: پاکستانی رنرز کی شاندار کارکردگی

ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں جبکہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی شناخت کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور امن قائم رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

Scroll to Top