فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج کا افغانستان کو بھرپور جواب ملا،متعدد پوسٹیں تباہ کرکے انہیں پسپائی پر مجبور کیا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان کی جانب سے سرحدی علاقوں میں اشتعال انگیزی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کو بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے متعدد افغان پوسٹس تباہ کر کے انہیں پسپائی پر مجبور کیا اور اس بھرپور جوابی کارروائی پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے، پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا اور ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہم ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں، پاک فوج نے ہمیشہ ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے، پوری قوم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشتگرد تنظیموں کو افغانستان میں موجود عناصر کی حمایت حاصل ہے، پاکستان نے کئی بار افغانستان کو وہاں موجود فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کی معلومات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرنے والوں کی معلومات دی گئیں، توقع ہے افغان حکومت یقینی بنائے گی کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی افغانستان کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغان جارحیت کا دلیری سے جواب دینے پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاک فوج پوری قوم کی عزت، غیرت، عزم اور وقار کی علمبردار ہے۔ افغان جارحیت کا جواب پاک افواج نے ہمیشہ کی طرح جرات، دانشمندی اور قومی اتحاد سے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: خارجیوں وافغان فورسز کیخلاف ایک اور بڑی کامیابی، کھرچر فورٹ سمیت کئی پوسٹیں تباہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرحدیں مقدس امانت ہیں، ان کی حفاظت ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ افغان جارحیت کا جواب پیغام ہے کہ پاک سرزمین امن کی ضامن ہے، کمزوری کی علامت نہیں، امن چاہتے ہیں لیکن پاکستان کی سالمیت یا شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

Scroll to Top