لاہور(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان سوزوکی موٹر کمپنی (PSMC) نے کار خریداروں کے لیے شاندار پیشکش متعارف کرا دی ہے۔ کمپنی نے اپنے نئے ماڈل سوزوکی ایوری پر محدود مدت کیلئے 4 لاکھ 50 ہزار روپے کا کیش بونس یا ڈسکاؤنٹ دینے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سوزوکی ایوری کو گزشتہ سال کے آخر میں کمپنی کی جانب سے طویل عرصے تک مقبول رہنے والے بولان کی جگہ متعارف کرایا گیا تھا۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ آفر محدود مدت کے لیے دستیاب ہوگی اور صرف سوزوکی ایوری وی ایکس (VX) ویرینٹ پر لاگو ہوگی۔
پاکستان سوزوکی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کمپنی کسی بھی وقت بغیر اطلاع اس آفر میں تبدیلی یا اسے ختم کرنے کا حق رکھتی ہے۔
سوزوکی ایوری وی ایکس کی اصل قیمت 29 لاکھ 12 ہزار 230 روپے ہے، اور آفر کے تحت خریداروں کو اس پر 4 لاکھ 50 ہزار روپے کا نمایاں فائدہ حاصل ہوگا۔
سوزوکی ایوری میں 660 سی سی ڈوہیک 12-والو وی وی ٹی انجن دیا گیا ہے، جو بولان کے انجن کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہے۔ یہ انجن 5,700 آر پی ایم پر 43 ہارس پاور اور 3,700 آر پی ایم پر 58 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے، جبکہ اس کے ساتھ 5-اسپیڈ مینول ٹرانسمیشن فراہم کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ محدود مدت کی پیشکش خاندانی استعمال یا کاروباری ضروریات کے لیے ایک جدید، کشادہ اور قابل اعتماد گاڑی خریدنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین کو بڑا ریلیف، ہاؤس رینٹ الاؤنس میں 85 فیصد اضافہ




