مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) بین الاقوامی یوتھ رہنما اور نائب صدر پاکستان تحریکِ انصاف (آزاد کشمیر) سید ذیشان حیدر نے وینزویلا کی جمہوریت پسند رہنما ماریہ کورینا مچاڈو کو نوبل امن انعام 2025 حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں سید ذیشان حیدر نے کہا کہ:
“ماریہ کورینا مچاڈو نے جس عزم، استقلال اور جرات کے ساتھ آمریت کے خلاف جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کی جدوجہد کی، وہ دنیا بھر کے رہنماؤں، خاص طور پر نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا مثال ہے۔ اُن کی جدوجہد نے ثابت کیا کہ پرامن مزاحمت، اصولی قیادت اور عوامی اعتماد کے ذریعے حقیقی تبدیلی ممکن ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعزاز صرف ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ اُن تمام افراد کی جیت ہے جو اپنے اپنے ممالک میں انصاف، مساوات اور جمہوریت کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔
دنیا آج ایسے ہی باحوصلہ، باکردار اور اصولی رہنماؤں کی ضرورت محسوس کر رہی ہے جو ظلم و جبر کے مقابلے میں امید اور حوصلے کی علامت بنیں۔”
سید ذیشان حیدر نے اس موقع پر وینزویلا کے عوام اور مچاڈو کی پوری ٹیم کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مچاڈو کا نوبل امن انعام دراصل جمہوریت، انسانی وقار، اور پائیدار ترقی کے عالمی عزم کا اعتراف ہے۔
آخر میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ماریہ کورینا مچاڈو کی کامیابی وینزویلا سمیت پورے لاطینی امریکہ میں جمہوری استحکام، انسانی حقوق کے احترام، اور سماجی ترقی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:لاہور : تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں چھٹی، پنجاب یونیورسٹی لاء امتحانات ملتوی




