اسلام آباد( کشمیر ڈیجیٹل )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سیاسی تجربات نے عوامی نمائندگی کے عمل کو نقصان پہنچایا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں ’’مشین سے من پسند چوزہ نکال کر وزیرِاعظم بنایا گیا ‘‘جسے نہ کشمیری عوام جانتے تھے اور نہ ہی ان پر اعتماد کرتے تھے ۔
پرویز رشید نے کہا کہ جب پہلی حکومت ناکام ہوئی تو ایک اور چوزہ نکال کر وزیرِاعظم بنا دیا گیا۔ ان کے مطابق کشمیری عوام کی نمائندہ جماعتوں کو کونے کھدرے میں دھکیل دیا گیا، جو جمہوری عمل کے لیے افسوس ناک ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:معروف پاکستانی میراتھن رنر فیصل شفیع کا سیلاب زدگان کی فنڈ ریزنگ کیلئے بڑا اعلان
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اس طرح کے سیاسی تجربات سے گریز کیا جانا چاہیے کیونکہ ان سے عوامی اعتماد مجروح ہوتا ہے ۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جب حقیقی سیاسی جماعتیں میدان میں آئیں تو معاملہ صرف دو دن میں حل ہو گیا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری عوام جانتے ہیں کہ ان کی آزادی کے لیے پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور وہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلق کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔




