علیمہ خان پی ٹی آئی کو کمزورکرنے کیلئے کام کررہی ہیں، گنڈاپور کا الزام

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ علیمہ خان پی ٹی آئی کو کمزورکرنے کیلئے کامکررہی ہیںاور میں نے یہ بات عمران خان کے علم میں لائی ہے۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہاکہ میں نے عمران خان کو بتایا کہ میری معلومات کے مطابق علیمہ خان کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے جس سے آپ کے مقصد کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ عمران خان سے مشاورت کے بعد صوبائی حکومت میں مزید تبدیلیاں اور اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ بانی کے ساتھ طویل عرصے بعد ملاقات ہوئی، جس میں متعدد اہم امور پر مشاورت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کو جھٹکا، کابینہ کے 2 وزراء عہدوں سے مستعفی

انہوں نے بتایا کہ پچھلی ملاقات کے دوران بھی حکومت میں اصلاحات اور ممکنہ تبدیلیوں پر بات چیت ہوئی تھی، اور اس وقت بھی یہ ارادہ ظاہر کیا گیا تھا کہ کچھ اہم فیصلے متوقع ہیں۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اب عمران خان کی ہدایت کے مطابق نہ صرف اصلاحات کی جا رہی ہیں بلکہ کابینہ میں بھی تبدیلیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عاقب اللہ اور فیصل ترکئی کو بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کے بعد طلب کر کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔ یہ دونوں رہنما میری ٹیم کا حصہ رہے ہیں اور حکومتی معاملات میں ایسی تبدیلیاں معمول کا حصہ ہوتی ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ عمران خان نے پارٹی اور حکومتی سطح پر مختلف معاملات سے متعلق واضح احکامات دئیے ہیںجن پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ان کے بقول آئندہ دنوں میں مزید اقدامات بھی سامنے آئیں گے۔

Scroll to Top