اقوام متحدہ کے اجلاس میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داخلے کے دوران ایک غیر معمولی صورتحال پیش آئی، جب ان کا ایسکیلیٹر اچانک رُک گیا۔ اقوام متحدہ نے وضاحت دی ہے کہ یہ خرابی کسی انسانی عمل کا نتیجہ نہیں بلکہ حفاظتی نظام کے باعث پیش آئی۔
ترجمان کے مطابق ٹرمپ کے ویڈیو گرافر ایسکیلیٹر پر پیچھے چلتے ہوئے اوپر پہنچے اور ممکنہ طور پر حفاظتی فیچر متحرک ہوگیا، جس سے مشین رک گئی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے کا ذکر جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران مزاحیہ انداز میں کرتے ہوئے کہا: “اگر فرسٹ لیڈی اچھی صحت میں نہ ہوتیں تو وہ گر جاتیں۔”
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیوٹ نے خدشہ ظاہر کیا کہ کہیں یہ عمل جان بوجھ کر تو نہیں کیا گیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا: “اگر کسی نے جان بوجھ کر ایسکیلیٹر روکا ہے تو ذمہ دار کو برطرف کر کے فوری تحقیقات ہونی چاہئیں۔” ترجمان اقوام متحدہ نے واضح کیا کہ صبح 9:50 پر حفاظتی نظام متحرک ہونے کے بعد ایسکیلیٹر بند ہوا تھا اور یہ عمل کسی انسانی مداخلت کا نتیجہ نہیں تھا۔
ایسکیلیٹر کے مسئلے کے بعد ٹرمپ کو تقریر کے دوران ٹیلی پرامپٹر کی خرابی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ صدر نے کہا: “جو بھی یہ ٹیلی پرامپٹر چلا رہا ہے، وہ بڑی مشکل میں ہے۔” بعد میں یہ سسٹم بحال ہوگیا۔
اقوام متحدہ کے ایک اہلکار کے مطابق اس موقع پر وائٹ ہاؤس کا عملہ اپنا لیپ ٹاپ لگا کر خود ٹیلی پرامپٹر چلا رہا تھا تاکہ متن کی رفتار کو کنٹرول کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں: شہری اب کس طرح فیس جمع کرائینگے ؟ نادرا نے بڑی سہولت متعارف کروا دی




