ذاتی رنجش،مخالفین نے بیرون ملک جانیوالے مزدور کو ایئرپورٹ پرپھنسا دیا

بھمبر(کشمیر ڈیجیٹل) محنت مزدوری کیلئے بیرون ملک جانے والے کو مخالفین نے دھوکے سے منشیات تھما کر پھنسوا دیا۔

تھانہ سٹی بھمبر کی حدود ٹھل درائیاں کے رہائشی دو بھائیوں نے مبینہ طور پر مخالفین کو نیچا دکھانے کے لیے محنت مزدوری کرنے کے لئے بحرین جانے والے وقاص کو دھوکا دہی کے ذریعے کپڑے کے سوٹ میں منشیات پیک کر کے دیدی۔

کپڑے لے کر جانے والے شخص کو اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد ائیر پورٹ پر دوران چیکنگ منشیات برآمد ہونے پر گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

واقعہ کی اطلاع پر گرفتار ہونے والے شخص کے ماموں نے دھوکہ باز دونوں بھائیوں کے خلاف تھانہ سٹی بھمبر میں مقدمہ درج کروا دیا پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہو گیا ۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی احتجاج روکنے کاپلان،امیدوار اسمبلی راجہ الیاس بھی گرفتار

مبینہ طور پر ٹھل درائیاں کے رہائشی دونوں بھائیوں بشارت محمود اور ریاست علی پسران محمد بوٹا نے سازش رچائی اور محمد نوید ولد فضل کریم قوم جاٹ ساکن رنڈیام کو استعمال کرتے ہوئے کپڑوں کا ایک سوٹ محمد وقاص جو کہ بحرین جا رہا تھا کو دیا اور کہا کہ اسے ہمارا ایک عزیز بحرین سے وصول کر لے گا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ بھائیوں نے ذاتی رنجش کی بنا پر وقاص ولد محمد اکبر کو پھنسایا، تھانہ سٹی بھمبر نے مرکزی کردار بشارت حسین کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کا دوسرا بھائی ریاست علی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔ذرائع کے مطابق ملزمان اس سے قبل بھی دھوکا دہی اور فراڈ کے متعدد مقدمات میں ملوث ہیں۔

موجودہ واقعہ کے بعد کوئی بھی بیرون ملک جانیوالا شہری کسی کی امانت لے جاتے ہوئے سو بار سوچے گا۔

Scroll to Top