ریاست تسلیم

فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے میں مزید 3اہم ممالک کی انٹری

جنیوا: آسٹریلیا ، برطانیہ اور کینیڈا نے باضابطہ طور پر فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور مشرق وسطیٰ میں دو ریاستی حل سے متعلق اہم اجلاس کے دوران اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا فلسطینی عوام کی اپنی ریاست کے قیام کی جائز خواہشات کو تسلیم کرتا ہے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی اتھارٹی کو سفارت خانہ قائم کرنے اور فعال تعلقات کے لیے بین الاقوامی برادری کی شرائط پوری کرنا ہوں گی ، جن میں اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرنا، جمہوری انتخابات کروانا اور مالیاتی و انتظامی اصلاحات شامل ہیں ۔

برطانوی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے ۔ برطانوی وزیراعظم نے جولائی میں اسرائیل سے غزہ میں بحران ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اسی طرح کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے بھی فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا ۔

انہوں نے اسرائیل کی موجودہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے میں آبادکاری کی پالیسی اور غزہ میں مسلسل حملے فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اقوام متحدہ ،جنرل اسمبلی میں مسئلہ فلسطین کے 2ریاستی حل کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور

کارنی نے کہا کہ کینیڈا فلسطین اور اسرائیل دونوں کے لیے پرامن مستقبل کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اہم اجلاس سے قبل برطانیہ اور پرتگال بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے ۔

متعدد دیگر ممالک بھی غزہ کے بحران کے پیش نظر اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کے لیے یہی قدم اٹھا سکتے ہیں ۔

Scroll to Top