چکوٹھی میں ہلال احمر اور آئی سی آر سی کی جانب سے آگاہی ورکشاپ کا انعقاد

چکوٹھی (کشمیر ڈیجیٹل): ہلال احمر پاکستان اور انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے تعاون سے چکوٹھی میں خطرات سے آگاہی اور محفوظ رویوں سے متعلق ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا مقصد لائن آف کنٹرول پر بسنے والے افراد کو خطرات سے آگاہ کرنا اور ان سے بچنے کے لیے عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔

ورکشاپ میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل قاسم الرحمن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی محترمہ بینش فاروق، سپرنٹنڈنٹ پولیس عباس گردیزی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر غفور عباسی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس محمد عمر، آئی سی آر سی کے رینکنگ منیجر اعجاز خان اور ہلال احمر نیشنل ہیڈ کوارٹرز کے قاضی عنایت جلیل بھی موجود تھے۔

خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل قاسم الرحمن نے کہا کہ آئی سی آر سی اور ہلال احمر عوام میں شعور اجاگر کرنے کا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالات یا حادثات کے بعد لوگوں کو نفسیاتی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس حوالے سے آگاہی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سال دنیا بھر میں 6 ملین افراد ٹراما کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلونا بم بچوں کے لیے خطرناک ہیں اور اکثر حادثات لاعلمی کے باعث پیش آتے ہیں۔ ان کے مطابق ایل او سی پر کمیونٹی بنکرز تعمیر کیے جائیں گے اور اسکولز اس حوالے سے ترجیح ہوں گے۔

ہلال احمر آزاد کشمیر کی سیکرٹری گلزار فاطمہ نے کہا کہ ادارے نے زلزلے کے بعد ضلع جہلم ویلی میں اسکولز، کالجز اور بی ایچ یوز تعمیر کیے، جبکہ پونچھ ڈویژن میں گولہ باری سے بچاؤ کے لیے سیف بنکرز بھی بنائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کو نیلم، جہلم ویلی اور لیپہ میں تربیت فراہم کی گئی تاکہ ضرورت پڑنے پر عوام کی مدد کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کا سوشل میڈیا پر دولت دکھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

آئی سی آر سی کے فوکل پرسن اعجاز خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کمیونٹی فوکل پرسن نیٹ ورک کو دوبارہ فعال بنایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے پاک فوج کے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔ تقریب سے ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر غفور عباسی اور قاضی عنایت جلیل نے بھی خطاب کیا۔

Scroll to Top