(کشمیر ڈیجیٹل)ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ خوبانی، چاہے تازہ ہو یا خشک، قبض سے نجات کے لیے نہایت مؤثر پھل ہے۔ گرمیوں میں اس کا کھٹا میٹھا ذائقہ نہ صرف ذائقہ بدل دیتا ہے بلکہ موڈ کو بھی خوشگوار بناتا ہے، جب کہ سردیوں میں خشک خوبانی کے طور پر یہ غذائیت سے بھرپور میوہ جات میں شامل کی جاتی ہے۔
خشک خوبانی میں فائبر، آئرن، پوٹاشیم اور اینٹی آکسیڈنٹس کی وافر مقدار پائی جاتی ہے، جو نظامِ ہاضمہ کو بہتر بنانے، قبض دور کرنے، خون کی کمی ختم کرنے، دل کی صحت بہتر رکھنے، بلڈ پریشر کنٹرول کرنے، ہڈیوں کو مضبوط بنانے اور جلد و آنکھوں کی صحت میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق 100 گرام خشک خوبانی میں تقریباً 241 کیلوریز، 5 گرام فیٹ، 4 گرام پروٹین، 3 گرام فائبر اور 63 گرام کاربوہائیڈریٹس پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ 1160 ملی گرام پوٹاشیم، 3 ملی گرام آئرن، 55 ملی گرام کیلشیم، 2 مائیکرو گرام سیلینیم، 180 مائیکرو گرام وٹامن اے، 1 ملی گرام وٹامن سی اور 10 مائیکرو گرام فولیٹ بھی موجود ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر اور بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان!
ماہرین کا کہنا ہے کہ وٹامن اے اور بیٹا کیروٹین کی زیادہ مقدار خوبانی کی خاص پہچان ہے، یہی اجزاء صحت مند جلد اور جسمانی توانائی کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔




