پنجاب میں سیلاب سے 104 ہلاکتیں، مون سون بارشوں کے 11 ویں اسپیل کا الرٹ جاری

(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش کا امکان ہے، جبکہ پیر کو شام اور رات کے اوقات میں بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

ادھر قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے گیارھویں اسپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 16 سے 19 ستمبر کے دوران دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہو سکتی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دریاؤں کے اطراف سیر و تفریح سے گریز کریں اور حفاظتی تدابیر اپنائیں۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دو روز تک موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی ہے، تاہم کشمیر، مری اور بالائی خیبرپختونخوا کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقے خشک رہے، تاہم خیبرپختونخوا، کشمیر اور مری میں کہیں کہیں بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش پاراچنار میں 6 ملی میٹر، مظفرآباد شہر میں 4 ملی میٹر اور مری میں 3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز نوکنڈی اور دالبندین میں سب سے زیادہ 42 جبکہ چلاس میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 ستمبر سے اضافے کا امکان

دوسری جانب پنجاب میں مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 104 تک جا پہنچی ہے جبکہ لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی، دریائے چناب اور دریائے ستلج کے سیلابی ریلوں نے صوبے کے مختلف علاقوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

Scroll to Top