ون ڈے ڈیبیو کے بعد جنوبی افریقی بیٹر نے نئی تاریخ رقم کردی

جنوبی افریقی بیٹر میتھیو بریٹزکی نے ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کے بعد پہلے5میچز میں ہی نئی تاریخ رقم کر دی۔

جنوبی افریقا کے لیے صرف 5 ون ڈے میچز کھیلنے والے نوجوان بیٹر میتھیو بریٹزکی نے جمعرات کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ایک اور نصف سنچری بنا کر ون ڈے کرکٹ میں اپنی شاندار فارم کو جاری رکھا اور ایک منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کے ہاتھوں ریکارڈ شکست، جنوبی افریقا کی ون ڈے تاریخ کاسیاہ ترین باب

بریٹزکی نے انگلینڈ کے خلاف 85 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ ان کے 5 میچز پر مشتمل ون ڈے کیریئر کی مسلسل پانچویں نصف سنچری تھی۔

جس کے بعد میتھیو بریٹزکی ون ڈے ڈیبیو کے بعد مسلسل 5 میچز میں 5 ففٹی پلس اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔

برِیٹزکی نے رواں سال فروری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا اور شاندار 150 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں مارخور کی ٹرافی ہنٹنگ،مہنگا ترین پرمٹ نیلام

اس کے بعد انہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر کے دوسرے میچ میں پاکستان کے خلاف 83 رنز کی اننگز کھیلی۔ تیسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقی بیٹر نے 57 اور چوتھے میچ میں 88 رنز بنائے۔

برِیٹزکی اب تک اپنے ون ڈے کیریئر کے 5 میچز میں 463 رنز بناچکے ہیں۔اس سے قبل بھارت کے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے 1987 میں اپنے ون ڈے ڈیبیو کے بعد مسلسل 4 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔

واضح رہے کہ جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو 5 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 1-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 330 رنز بنائے جواب میں میزبان انگلش ٹیم 9 وکٹوں پر 325 رنز بناسکی۔

Scroll to Top