تین اہم قومی مسائل پر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قراردادیں پیش کی گئیں

مظفرآباد: آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اہم قومی مسائل پر قراردادیں پیش کیں، جن میں ماحولیاتی تبدیلیوں، مردم شماری 2023 کی رپورٹ کی اشاعت اور مہاجرین جموں و کشمیر کے گزارہ الاؤنس میں اضافے کے حوالے سے سفارشات شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نے قانون ساز اسمبلی میں اہم قراردادیں پیش کی ہیں جن میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر خشک سالی کا سلسلہ جاری رہا تو صورتحال قابو سے باہر ہو جائے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت آزادکشمیر کو، وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر اس بحران سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر جامع لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا۔

راجہ فاروق حیدر نے مردم شماری 2023 کی رپورٹ کی اشاعت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں وسائل کی منصفانہ تقسیم اور حلقہ بندیوں کے لیے مردم شماری کے نتائج کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا کہ مردم شماری کی رپورٹ کو فوری طور پر حاصل کر کے عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات : کشمیر میں اگلے 24 گھنٹوں میں موسم کی صورتحال

مہاجرین جموں و کشمیر کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہاجرین کا گزارہ الاؤنس مہنگائی کے تناسب سے انتہائی کم ہے جس میں فوری اضافے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ افراد کسی دوسرے ملک سے نہیں بلکہ اپنے ہی گھر کے ایک حصے سے دوسرے حصے میں منتقل ہوئے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے حکومت پاکستان کو سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے۔

اجلاس میں پیش کی گئی قراردادوں کو ارکان اسمبلی نے قومی مفاد کے لیے اہم قرار دیا اور ان پر تفصیلی غور و خوض کی سفارش کی گئی ،تمام قراردادیں ایوان سے متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں۔

Scroll to Top