افغانستان میں زلزلے کی تباہ کاریاں، 600 سے زائد افراد جاں بحق، ایک ہزار زخمی

(کشمیر ڈیجیٹل) افغانستان میں آنے والے خوفناک زلزلے نے بڑی تباہی مچادی، ہلاکتوں کی تعداد 662 تک جا پہنچی جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔

افغان خبر ایجنسی کے مطابق زلزلہ گزشتہ شب مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 47 منٹ پر آیا، جس کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی۔ اس کے تقریباً 20 منٹ بعد 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا بھی محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

افغان حکام کے مطابق سب سے زیادہ نقصان صوبہ کنڑ میں ہوا، جہاں سیکڑوں ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں اور ہزاروں افراد زخمی ہیں۔ متعدد لوگ اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کا عمل جاری ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز ننگرہار صوبے کے شہر جلال آباد سے 27 کلومیٹر مشرق میں تھا، جبکہ اس کی گہرائی 8 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں زلزلہ، 20 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی

پاکستان میں بھی گزشتہ رات زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق رات 12 بجکر 38 منٹ پر ہنگو، مالاکنڈ، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، چترال اور پشاور میں 4.6 شدت کے آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے، جن کی گہرائی 15 کلومیٹر تھی اور مرکز جنوب مشرقی افغانستان بتایا گیا۔

Scroll to Top