اسمارٹ فونز بنانے والی چینی کمپنی آنر نے اپنی سستی سیریز کے جدید فون ایکس 7 ڈی کو طاقتور بیٹری کے ساتھ متعارف کرادیا۔
’آنر: ایکس 7 ڈی‘ کو 6.77 انچ اسکرین اور ایڈوانسڈ ریزولوشن اسکرین کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، کمپنی کے مطابق نئے ماڈل کے اسکرین میں پچھلے ماڈل کے مقابلے میں بہتری لائی گئی ہے۔
فون میں اسنیپ ڈریگن 685 کا پروسیسر دیا گیا ہے جب کہ اسے 12GB/128GB، 16GB/128GB اور 16GB/256GB میموری ماڈلز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
’آنر: ایکس 7 ڈی‘ کا کیمرہ سیٹ اپ سادہ مگر موثر رکھا گیا، فون کا مرکزی کیمرا 108 میگا پکسل جب کہ دوسرا 2 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے۔
فون کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل کا کیمرا دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق کیمرا ٹیکنالوجی کو بھی اپگریڈ کردیا گیا ہے۔
فون کی نمایاں خصوصیت اس کی طاقتور 6,500 ایم اے ایچ کی بیٹری ہے، اس کے ساتھ 35 واٹ کا سپر فاسٹ چارجر دیا گیا ہے۔
فون کو اینڈرائیڈ 15 پر مبنی کمپنی کے اپنے آپریٹنگ سسٹم میں پیش کیا گیا ہے جب کہ اسے مختلف رنگوں میں متعارف کرایا گیا ہے۔
فون کو فوری طور پر صرف چین میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے تاہم جلد ہی اسے دیگر ممالک میں بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
اگرچہ کمپنی نے فون کی قیمتوں کا اعلان نہیں کیا، تاہم فون کی قیمتیں 50 ہزار سے 65 ہزار روپے تک رکھے جانے کا امکان ہے۔
ممکنہ طور پر فون کو آئندہ ماہ ستمبر تک پاکستان میں فروخت کیلئے پیش کردیا جائے گاتاہم اس حوالے سے کمپنی نے کوئی اعلان نہیں کیا۔