بھمبر میں شدید بارشیں، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ الرٹ

(کشمیر ڈیجیٹل)ترجمان ریسکیو 1122 بھمبر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح بھمبر میں بھی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ حکام کی ہدایت پر ریسکیو ٹیمیں مکمل الرٹ اور متحرک ہیں جبکہ مختلف نالوں کے قریب حفاظتی ڈیوٹیاں سرانجام دی جا رہی ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 23 سے 27 اگست تک آزاد کشمیر میں شدید بارشیں، تیز ہوائیں اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ ترجمان کے مطابق سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور بالخصوص رات کے وقت سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق دریا اور ندی نالوں کے قریب آباد افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بارش کی شدت بڑھنے کی صورت میں فوراً محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ اس مقصد کے لیے مختلف سرکاری سکول خالی کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متاثرہ خاندانوں کو وہاں منتقل کیا جا سکے۔

مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی علاقے میں مواصلاتی نظام متاثر ہو جائے تو شہری قریبی پولیس اسٹیشن یا چیک پوسٹ کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ نے دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

عوام کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں درج ذیل نمبروں پر رابطہ کر سکتے ہیں:

ایس ڈی ایم کنٹرول روم: 05822-921643،ضلعی کنٹرول روم: 05822-920055،مددگار پولیس: 15

راجہ ضیاء فاروق، ڈی ڈی ایم اے انچارج مظفرآباد: 0345-4037783 / 0300-1037783 (واٹس ایپ)

یہ بھی پڑھیں: دنیا کی 10 مضبوط ترین کرنسیاں، کویتی دینار سب سے آگے

Scroll to Top