ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے انتخابات میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے بھارتی حمایت یافتہ پینل کو شکست دے کر تینوں نشستیں اپنے نام کرلیں۔
اے سی سی بورڈ کی 3 نشستوں پر مقابلہ
بنکاک میں اے سی سی کے سالانہ جنرل اجلاس کے دوران بورڈ میں ڈائریکٹرز کی تین نشستوں کے لیے انتخابات ہوئے، جن میں پاکستان اور بھارت کے حمایت یافتہ پینلز کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔
پاکستان کے حمایت یافتہ تینوں اُمیدوار کامیاب
ذرائع کے مطابق کانٹے دار مقابلے کے بعد پاکستان کے حمایت یافتہ پینل کے تینوں امیدوار کامیاب ہوگئے۔ یہ اے سی سی کے قیام کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے بورڈ کی تینوں نشستیں حاصل کی ہیں۔
قطر، سنگاپور اور مالدیپ کے نمائندے کامیاب
ذرائع کے مطابق اے سی سی صدر محسن نقوی کی قیادت میں کامیاب ہونے والے پاکستان کے حمایت یافتہ پینل میں قطر، سنگاپور اور مالدیپ کے نمائندے شامل تھے۔
ایشین کرکٹ میں پاکستان کا اثر و رسوخ بڑھ گیا
اس کامیابی کو ایشین کرکٹ کونسل میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی علامت قرار دیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے حمایت یافتہ پینل کی تینوں نشستوں پر کامیابی صدر اے سی سی محسن نقوی کی اہم کامیابی بھی سمجھی جارہی ہے۔
بھارتی حمایت یافتہ پینل کو بڑا دھچکا
اے سی سی انتخابات میں بھارتی حمایت یافتہ پینل کی شکست کو اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ انتخابات میں بھارت کی نمائندگی راجیو شکلا نے کی۔
بنگلادیش میں ایشیا کپ کی تیاریوں کا جائزہ
اجلاس کے دوران اگلے سال بنگلادیش میں ہونے والے ایشیا کپ کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایونٹ کے لیے سلہٹ، میرپور اور چٹوگرام کو تین ممکنہ وینیوز کے طور پر تجویز کیا گیا۔
ویمنز ایشیا کپ کے انتظامات پر بھی گفتگو
اجلاس میں دبئی میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ کی تیاریوں اور انتظامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستانی پینل کی تاریخی کامیابی
اے سی سی کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کے حمایت یافتہ پینل کا تینوں نشستوں پر کامیاب ہونا ایشیائی کرکٹ کے سیاسی منظرنامے میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ اس کامیابی سے اے سی سی میں پاکستان کے سفارتی اور انتظامی اثر و رسوخ میں اضافے کے امکانات بھی ظاہر کیے جارہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شاداب خان کی دھواں دار بیٹنگ، فالکنز نے ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کو شکست دیدی




