شاداب خان

شاداب خان کی دھواں دار بیٹنگ، فالکنز نے ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کو شکست دیدی

پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے کیریبین پریمیئر لیگ (CPL) 2026 میں دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 20 گیندوں پر ناقابلِ شکست 52 رنز بنا کر انٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز کو ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کیخلاف سنسنی خیز کامیابی دلا دی۔

ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کی جانب سے دیے گئے 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فالکنز کی ٹیم ایک موقع پر 92 رنز پر 5 وکٹیں گنوا چکی تھی اور اسے فتح کے لیے مزید 74 رنز درکار تھے۔

شاداب خان میدان میں آئے اور میچ کا نقشہ بدل دیا

ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شاداب خان نے کوسل پریرا کے ساتھ مل کر صرف 33 گیندوں پر 76 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی اور ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچا دیا۔

18ویں اوور میں تین چھکوں کی گھن گرج

میچ کے آخری مرحلے میں ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کو 3 اوورز میں 37 رنز کا دفاع کرنا تھا، تاہم 18ویں اوور میں شاداب خان نے ناتھن ایڈورڈز کو نشانہ بنایا اور اوور کی پہلی چار گیندوں میں 3 چھکے لگا کر مقابلے کا رخ ہی تبدیل کردیا۔

آخری دو اوورز میں شاداب کا فیصلہ کن وار

فالکنز کو آخری دو اوورز میں کامیابی کے لیے 11 رنز درکار تھے۔ شاداب نے ٹیرنس ہائنڈز کی گیندوں پر مزید 2 چھکے لگا کر ہدف حاصل کرلیا اور اپنی ٹیم کو 9 گیندیں قبل ہی فتح دلا دی۔

20 گیندوں پر ناقابلِ شکست 52 رنز

شاداب خان نے اپنی برق رفتار اننگز میں صرف 20 گیندوں کا سامنا کیا اور 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 52 رنز بنائے۔ شاندار کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

فالکنز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست

اس کامیابی کے بعد انٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز نے سی پی ایل 2026 کی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

نائٹ رائیڈرز نے 165 رنز بنائے

اس سے قبل ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ کولن منرو نے 46 جبکہ نکولس پورن نے 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سلمان علی آغا کی جگہ شاداب خان کو قومی ٹیم کا کپتان ہونا چاہیے : شاہد آفریدی

تاہم شاداب خان کی طوفانی بیٹنگ کے سامنے نائٹ رائیڈرز کا اسکور کم پڑگیا اور فالکنز نے 166 رنز کا ہدف 9 گیندیں قبل حاصل کرکے شاندار کامیابی اپنے نام کرلی۔