فرینک کیپریو

انصاف پسند عالمی شہرت یافتہ امریکی جج فرینک کیپریو انتقال کر گئے

عالمی شہرت یافتہ امریکی جج فرینک کیپریو 88 برس کی عمر میں زندگی کی بازی ہار گئے ۔

امریکی میڈیا کے مطابق جج کیپریو چند ماہ سے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے اور اسی بیماری کے باعث ان کا انتقال ہوا ۔

فرینک کیپریو اپنی عدالتی خدمات میں منفرد اندازِ انصاف اور ہمدردانہ فیصلوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول تھے ۔

عدالت میں پیش ہونے والے عام شہریوں کے ساتھ ان کا نرم لہجہ، سمجھداری اور جذباتی ہمدردی پر مبنی رویہ انہیں لاکھوں دلوں کا محبوب بناتا تھا ۔

ان کے فیصلے صرف قانون کی پیروی نہیں بلکہ انسان کے حالات اور پس منظر کو سمجھ کر کیے جاتے تھے، جس کی وجہ سے ان کی عدالت کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر کروڑوں افراد دیکھتے اور متاثر ہوتے تھے ۔

یہ بھی پڑھیں:روسی حکومت کا زیلنسکی مذاکرات پر محتاط ردعمل، ٹرمپ کا انتباہ

ان کا ماننا تھا کہ انصاف کا مقصد صرف سزا دینا یا قانون نافذ کرنا نہیں بلکہ انسانی جذبات اور مشکلات کو سمجھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے ۔

یہی فلسفہ انہیں دنیا بھر میں ایک منفرد جج کے طور پر شناخت دلاتا تھا۔ فرینک کیپریو کے انتقال پر امریکی عدلیہ، عوام اور دنیا بھر سے ان کے مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ان کی زندگی اور عدالتی خدمات قانون اور انسانیت کے درمیان توازن قائم کرنے کی ایک مثال کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔

Scroll to Top