ڈڈیال (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)ڈڈیال کے نواحی گاؤں چنار میں دو مبینہ جعلی پولیس اہلکاروں نے چوہدری مہربان کےغریب ملازم کو گن پوائنٹ پر ہتھکڑی لگا کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ، واقعہ کی رپورٹ متاثرہ شخص نے پولیس تھانہ ڈڈیال میں جمع کرا دی ۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری مہربان کے ملازم مقبول حسین کے مطابق وہ شام کے وقت مال مویشی لے کر گھر جا رہا تھا کہ اچانک دو نامعلوم افراد نے اسے راستے میں روک کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ۔
ملزمان نے گن پوائنٹ پر ہتھکڑی لگا کر دو گھنٹے ان کی مار پٹائی کی اور پیٹ پر چھڑیوں کے وار کیے جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا ۔
متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اس کا موبائل فون اور شناختی کارڈ بھی چھین ان سے لیا جبکہ دورانِ تشدد ویڈیو بھی بنائی ۔
ملزمان کا ان پر چوری کی گاڑی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے حالانکہ وہ ایک دیانت دار مزدور ہے اور کبھی کسی غیر قانونی کام میں سرگرمی میں ملوث نہیں رہا ۔
یہ بھی پڑھیں:چناری ، بااثرافراد کی ظلم کی انتہا، 13 سالہ بچے پر بہمانہ تشدد، بازو تین جگہ سے توڑ ڈالا
مقبول حسین نے بتایا کہ اس کی کسی سے دشمنی نہیں ، البتہ چند ماہ قبل حاجی محمد مہربان اور اس کے رشتہ داروں کے درمیان زمین کے تنازعہ پر جھگڑا ہوا تھا جس پر اس نے بعد میں معافی بھی مانگ لی تھی ۔
مقبول حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کے اہل خانہ شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں اور اسے اپنی جان کا خطرہ ہے ۔
انہوں نے آئی جی آزاد کشمیر اور ایس ایس پی میرپور سے اپیل کی کہ ان کے ساتھ ہونے والے واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے اصل حقائق سامنے لائے جائیں اورواقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔