(کشمیر ڈیجیٹل، 20 اگست 2025): شہر قائد میں ایک ہی دن ہونے والی تین بارشوں نے نکاسی آب کے نظام کو مفلوج کر دیا، جب کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران مزید تیز بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں وقفے وقفے سے تین بارشوں نے شہر کو مفلوج کر دیا۔ چند ہی گھنٹوں میں سڑکیں زیرآب آ گئیں اور اربن فلڈنگ کی صورت حال پیدا ہوگئی۔ مرکزی شاہراہ شارع فیصل سمیت کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے، جہاں گاڑیاں بند ہو گئیں اور شہری شدید مشکلات کا شکار رہے۔ متعدد ڈرائیوروں کو فیول ختم ہونے پر اپنی گاڑیاں سڑک کنارے چھوڑنی پڑیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شارع فیصل کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 6 گھنٹے کی بارش کے بعد پانی کی نکاسی جاری ہے، برساتی نالے صاف ہیں اور پانی نکل رہا ہے۔
بارش کے باعث شہری گھروں سے دفاتر نہیں پہنچ سکے، جب کہ واپس آنے والے افراد بھی گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنستے رہے۔ لیاری ایکسپریس وے پر دباؤ بڑھنے سے بدترین ٹریفک جام پیدا ہوا، مختلف علاقوں میں اسکول وینیں سڑک پر بند ہو گئیں، ڈرائیوروں سے رابطہ نہ ہونے پر والدین پریشان رہے۔ کئی بچے دوپہر کو اسکول سے نکلنے کے بعد شام یا رات گئے گھروں کو پہنچے۔
سڑکوں پر موٹر سائیکلیں بھی پانی میں بند ہو گئیں، مکینکوں نے معمول سے کئی گنا زیادہ معاوضہ وصول کیا۔ رکشہ اور آن لائن سروسز نے بھی کرائے بڑھا دیے، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: یونائیٹڈ موٹر سائیکلز کا 70cc نیا ماڈل 1 لاکھ 11 ہزار روپے میں متعارف
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ دو روز مزید تیز بارشیں ہو سکتی ہیں۔ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران گلشن حدید میں سب سے زیادہ 170 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، اولڈ ائیرپورٹ ایریا میں 158 ملی میٹر اور جناح ٹرمینل پر 152.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔